صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان سے قائمقام وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ نثار خان کی ملاقات

صدر ریاست اور قائمقام وزیراعظم کاحکومت کی عمومی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار

بدھ 18 اکتوبر 2017 18:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2017ء) قائمقام وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ نثار احمد خان نے کشمیر ہائوس میں صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان سے ملاقات کی ، دونوں رہنمائوں نے اتفاق کیا کہ مسئلہ کشمیر پر سفارتی و سیاسی تحریک کو تیز تر کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس میں کچھ کامیابیاں ہو رہی ہیں لیکن حتمی کامیابی تب ہو گی جب مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو ان کے حقوق مل جائیں گے ۔

انہوں نے زور دیا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم کا خاتمہ کرے ۔ بین الاقوامی برادری پر انہوں نے زور دیا کہ وہ سلامتی کونسل یا حقوق انسانی کونسل کا ایک تحقیقاتی کمیشن ہندوستان اور مقبوضہ کشمیر بھیجے تاکہ بھارتی قابض افواج کے جنگی جرائم کی تفتیش کر سکے ۔

(جاری ہے)

بھارت اگر اس سے انکار کرتا ہے تو اُ س کی اقوام متحدہ کے ایوانوں میں مذمت کی جائے ۔

صدر ریاست اور قائمقام وزیراعظم نے حکومت کی عمومی کارکردگی پر اظہار اطمینان کیا لیکن اس عزم کا اعادہ کیا کہ انفراسٹرکچر، توانائی ،برقیات اور دوسرے تعمیراتی شعبوں میں حکمت عملی کو زیادہ موثر بنایا جا رہا ہے ، تاکہ ریاست اپنے تمام ا ہداف حاصل کر سکے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ تعلیمی اداروں میں صرف اور صرف معیار پر تقرریوں کی روایت کو برقرار رکھا جائے گا کیونکہ جامعات اور کالجوں سے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات ہی تیز رفتار تعمیر و ترقی کے ضامن اور محافظ ہوں گے ۔ دونوں رہنمائوں نے یہ بھی کہا کہ شفافیت اور جواب دہی کا عمل مسلمہ اُصولوں اور قواعد کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے ۔

متعلقہ عنوان :