گومل یو نیورسٹی میں ترقی کا ایک اور سنگ میل عبور کر لیا گیا

یو نیورسٹی کی ترقی کے لیئے محکمہ جنگلات اور تحفظ ماحولیات اور گومل یو نیورسٹی کے درمیان باہمی تعاون کے دو معاہدوں پر دستخط

بدھ 18 اکتوبر 2017 18:00

ڈیر ہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2017ء) گومل یو نیورسٹی میں ترقی کا ایک اور سنگ میل عبور کر لیا گیا، یو نیورسٹی کی ترقی کے لیئے محکمہ جنگلات اور تحفظ ماحولیات اور گومل یو نیورسٹی کے درمیان باہمی تعاون کے دو معاہدوں پر دستخط کردئے ، سیکریٹری جنگلات سید نذر حسین شاہ کی زاتی دلچسپی سے ہونے والے ان معاہدوں سے گومل یو نیورسٹی کو کروڑوں روپے کا فائدہ ملے گا، معاہدوں پر دستخط کی تقریب یو نیورسٹی میں منعقد ہوئی جس میں وائس چانسلر گومل یو نیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور، رجسٹرار دل نواز خان، پرنسپل گومل کالج آف وٹرنری سائنسز ڈاکٹر شکیب اللہ خان، ڈی ایف او وائلڈ لائف سردار سجیل خان بلوچ، ڈی ایف او جنگلات عابد ممتاز نے دستخط کئے، اس موقع پر وائس چانسلر گومل یو نیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور نے کہا کہ سیکریٹری جنگلات نذر حسین شاہ کا کردار گومل یو نیورسٹی کی ترقی کے سفر میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا، انہوں نے کہا کہ تبدیلی اور بہتری کی اس مہم میں رجسٹرار اور انکی ٹیم کی محنت اور کاوشیں بھی لائق تحسین ہیں انہوں نے کہا کہ معاہدوں کے مطابق گومل یو نیورسٹی میں قائم وائلڈ لائف پارک کو مذید وسعت دی جائے گی، وہاں دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی، گومل یو نیورسٹی کی چھبیس سو کنال زمین فارسٹ ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کردی گئی جس میں تقریبا پانچ لاکھ پودے لگائے جائیں گے اور آنے والے تین سالوں میں یونیورسٹی کو چالیس کروڑ روپے کا فائدہ ہوگا اور یہ فائدہ صرف تین سالوں تک نہیں ہوگا بلکہ اس کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا ،گومل یو نیورسٹی میں چوبیس ڈبوں میں شہد تیار کی جائے گی اور وافر مقدار میں یہ شہد یو نیورسٹی ایکسپورٹ کرے گی جس سے یو نیورسٹی کو مالی فائدہ ہوگا،انہوں نے کہا کہ مستقبل میں دیگر اداروں کے ساتھ بھی باہمی تعاون کے معاہدے کئے جائیں گے تاکہ یو نیورسٹی کو مسائل کی دلدل سے جلد از جلد نکالا جائے اور اس علمی درسگار کو خطہ کی مثالی درسگاہ بنایا جا سکے ۔

(جاری ہے)

معاہدہ کے بعد یونیورسٹی وائلڈ لائف پارک گومل کالج آف وٹرنری سائنسز کے حوالے کیا گیا۔ شہد کی تیاری کے ڈبے فیکلٹی آف ایگریکلچر اور جنگلات کی اراضی یونیورسٹی فارم منیجر کی نگرانی میں دے دیے گئے۔ معاہدہ کے مطابق محکمہ جنگلات پانچ طلبہ کو تحقیق کے لیئے سکالر شپ فراہم کرے گا۔