اے پی ایم ایل صرف پرویز مشرف کی جماعت ہے،اس نام سے کوئی بھی دوسرا گروپ غیر آئینی ہے،شہزاد ستی

انتشاری ٹولہ پارٹی نام کے ساتھ ف، ق، گ لگا کر نقصان پہنچانے کی کوشش کررہا ہے،کارکنان دھوکے میں نہ آئیں، جوائنٹ سیکرٹری اطلاعات اے پی ایل

بدھ 18 اکتوبر 2017 17:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2017ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے جوائنٹ سیکرٹری اطلاعات شہزاد عربی ستی نے کہا ہے کہ سید پرویز مشرف کی ایک ہی جماعت ہے جس کا نام آل پاکستان مسلم لیگ ہے،پارٹی سے نکالا گیا ٹولہ کارکنان کو گمراہ کرنے کے لئے اے پی ایم ایل کے نام کے ساتھ مزید نام جوڑ رہا ہے جو غیر آئینی ہے۔ سید پرویز مشرف کے مخلص کارکنان کسی دھوکے میں نہ آئیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی سے نکالے گئے سازشی گروہ کے گمراہ کن پروپیگنڈے پر اپنے وضاحتی بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن صرف آل پاکستان مسلم لیگ رجسٹرڈ ہے جس کے سربراہ سید پرویز مشرف ہیں۔اس کے علاوہ اس نام کے ساتھ اضافی الفاظ لگا کر کوئی بھی جماعت رجسٹرڈ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

آل پاکستان مسلم لیگ (محمد علی جناح) نام کی کسی جماعت کاآئینی طور پر کوئی وجود نہیں ہے۔

آل پاکستان مسلم لیگ کے نام کے ساتھ اضافی الفاظ لگا کر ایک دھڑے کا تاثر دینے والے غیر آئینی اقدام کے مرتکب ہورہے ہیں۔اس دھڑے کے خالق احمد رضا قصوری اور ان کے ساتھیوں فیصل سدوزئی،مخدوم رفیع رضا اور دیگر کو پارٹی سربراہ سید پرویز مشرف نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر پارٹی سے نکال دیا تھا۔اس پر یہ لوگ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں اور پارٹی کارکنان کو گمراہ کرنے کے لئے ڈھائی اینٹ کی الگ مسجد بنا رہے ہیں۔

سید پرویز مشرف کی سیاسی جماعت صرف آل پاکستان مسلم لیگ ہے۔ کسی بھی اور دھڑے یا گروہ سے سید پرویز مشرف کا کوئی تعلق ہے اور نہ ہی وہ ایسے کسی گروہ کی سرپرستی کررہے ہیں۔ اس بات کی وضاحت سید پرویز مشرف اپنے خطاب میں کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتشاری ٹولے کا مقصد سید پرویز مشرف کی جماعت کو ناکام کرنا ہے اس لئے گمراہ کن پروپیگنڈہ کیاجارہا ہے۔ سید پرویز مشرف کے چاہنے والوں اور اے پی ایم ایل کے مخلص کارکنوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ کسی بھی بہکاوے میں نہ آئیں اور اپنے اپنے صوبے کی منتخب قیادت کے ساتھ مل کر کام کریں اورملک میں مثبت تبدیلی کے لئے اپنے قائد ین سید پرویز مشرف اور ڈاکٹر محمد امجد کے ہاتھ مضبوط کریں۔

متعلقہ عنوان :