پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چار میچز کراچی میں کروانا چاہتے ہیں، سکیورٹی اداروں کا تعاون درکار ہے

سندھ حکومت کی مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی، ڈی آئی جی ایسٹ پی ایس ایل کرکٹ میچز کے جملہ امور کے حوالے سے فوکل پرسن نامزد، چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کی صحافیوں سے گفتگو

بدھ 18 اکتوبر 2017 17:47

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چار میچز کراچی میں کروانا چاہتے ہیں، ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2017ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چار میچز کا انعقاد کراچی میں کیا جائے گا جس کے بعد ابٹرنیشنل ٹیموں کو بھی مدعو کیا جائے گا۔ انہوں نے بدھ کو یہاں نیشنل اسٹیڈیم میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کراچی میں پی ایس ایل کے چار میچز کے انعقاد کے سلسلے میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے بھی ملاقات ہوئی جو انتہائی مثبت رہی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے فول پروف سکیورٹی سمیت ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے میچز لاہور میں کروادئیے ہیں اب کراچی میں چار میچز کروانا چاہتے ہیں جس کی سکیورٹی کے لئے رینجرز، پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کا بھرپور تعاون درکار ہے۔

(جاری ہے)

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے نئے فورمیٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ بھارت اگر پاکستان سے نہیں کھیلے گا تو اس کے پوائنٹس کٹ جائیں گے تاہم انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کا یہ بھی کہنا ہے کہ باہمی سیریز کا معاملہ دو بورڈز کے درمیان ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آئی سی سی کے اسٹرکچر میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچز کم ہیں جس پر ہم نے اعتراض کیا ہے اور میچز بڑھانے کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے بھی پاکستان آکر کھیلنے کی تصدیق کردی ہے۔ فواد عالم کو ٹیم میں شامل نہ کرنے کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ سوال چیف سلیکٹر سلیکشن کمیٹی انضمام الحق سے کریں، وہ سلیکشن کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتے اور نہ ہی فواد عالم کو کھلانے کا کہہ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر میڈیا محسوس کرتا ہے کہ فواد کو ٹیم میں شامل کرنا چاہئے تو انضمام پر پریشر ڈالیں۔ سری لنکن ٹیم کے کچھ معروف کھلاڑیوں کے پاکستان نہ آنے سے متعلق ایک سوال پر نجم سیٹھی نے کہا کہ سری لنکن بورڈ کے چیئرمین نے انہیں اس بات کا یقین دلایا ہے کہ سری لنکا کی پوری ٹیم پاکستان آئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ پریس بریفنگ سے قبل انہوں نے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے وزیراعلی ہائوس میں ملاقات کی ہے اور وزیراعلی سندھ نے سکیورٹی کے حوالے سے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ ہم آپ کو مکمل سکیورٹی فراہم کریں گے اور جو سکیورٹی کے معیار آپ کے ہیں سندھ حکومت اسی قسم کی سکیورٹی فراہم کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی بھی خواہش ہے کہ کراچی میں انٹرنیشنل کرکٹ شروع کی جائے کیونکہ کراچی پرامن شہر ہے اور کراچی کے شہریوں کا بھی حق ہے کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ دیکھیں۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم کو بحال کرنے کے لئے کام کررہے ہیں اور ساتھ ہی ساتھ کراچی میں کرکٹ کی بحالی بھی ہو گی۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات میں فروری 2018 ء میں پی ایس ایل کے 4 میچز کراچی میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مزید برآں پی سی بی سکیورٹی انچارج ریٹائرڈ کرنل اعظم خان نے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ سے ہونے والی ملاقات میں فروری 2018 ء میں کراچی میں پی ایس ایل کے تحت ہونے والے کرکٹ میچز کی سیکیورٹی پر تفصیلی بات چیت کی۔ آئی جی سندھ نے ڈی آئی جی ایسٹ کو پی ایس ایل کرکٹ میچز کے جملہ امور کے حوالے سے فوکل پرسن نامزد کیا اور انہیں ہدایت کی کہ ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ سے باہم روابط میں رہتے ہوئے نیشنل اسٹیڈیم کا مکمل طور پر سیکیورٹی آڈٹ کیا جائے اور اس حوالے سے جامع رپورٹ تیار کی جائے تاکہ کرکٹ سکیورٹی پلان کو ہر لحاظ سے فول پروف بنایا جا سکے۔

کرکٹ میچز کے سیکیورٹی کے جملہ امور کی نگرانی ایڈیشنل آئی جی کراچی کریں گے جبکہ کھلاڑیوں کے ساتھ آر آر ایف کی ایک پلاٹون کو بھی حرکت میں رکھنے کے تمام تر اقدامات اٹھائے جائیں۔