حجامہ کرنے کا مجاز صرف اور صرف طبیب ہے کوئی دوسرا فرد حجامہ کرنے کا مجاز نہیںاجلاس میں فیصلہ

اطباء کو مطب پر دواسازی کا اختیار ہے ریگولیٹرز ناجائز ہراساں اور پریشان نہ کریں ‘ نیشنل کونسل فار طب

بدھ 18 اکتوبر 2017 17:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2017ء) نیشنل کونسل فارطب کا آٹھواں اجلاس پاکستان اکیڈمی آف سائنسز کے کمیٹی روم میں صدرنیشنل کونسل فار طب پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ شنواری کی صدارت میں منعقد ہوا- جس میں پروفیسر وید محمد جمیل خان ، حکیم رضوان حفیظ ملک ،منصور احمد ، حکیم محمد احمد سلیمی ، حکیم راحت نسیم سوہدوری ، حکیم حافظ خورشید احمد ،حکیم حافظ محمدیونس ، حکیم سید ذوالحسنین بخاری ، حکیم محمد یوسف ، حکیم قاضی محمد اقبال ، حکیم بشیر احمد بھیروی ،حکیم اکرام اللہ ، حکیم عارفین سعید ، حکیم محمد یونس فہیم ، حکیم سرتاج نبی، حکیم عبدلواحد شمسی ،حکیم ذوالفقار ملک ، حکیم نسیم احمد قاسمی ، حکیم فرید احمد فیضی ، حکیم ذوالفقار احمد صدیقی ، حکیم سراج الدین چانڈیو اور رجسٹرار محمداسماعیل نے شرکت کی - اجلاس میں ایجنڈے کے مطابق مختلف امور پر فیصلہ جات کیے گئی- اس موقع پر مطب پر حکیموں کو اپنے مریضوں کے لیے ادویات بنا کر دینے کے معاملہ کا تفصیلی جائزہ لیاگیا- ترجمان نیشنل کونسل فار طب حکیم محمد احمد سلیمی نے قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے وضاحت کی کہ نیشنل کونسل فار طب کیUAH ایکٹ 1965 ء ، ڈرگ ایکٹ 1976 اور DRAP ایکٹ کے SRO412 کے مطابق اطباء کو اپنے مطب پر مریضوں کو ادویات بنا کر دینے کا اختیار ہے اور مطب پر ادویات کی تیاری میں جو آلات استعمال ہوتے ہیں ان کی بھی اجازت ہے - لہذا محکمہ صحت کے اہلکار ، ڈرگ انسپیکٹرز اور دیگر اہلکاران مطب پر دواسازی کے ضمن میں اطباء کو ناجائز ہراساں اور پریشان نہیں کرسکتی- اس موقع پر حجامہ کے حوالہ سے بھی یہ امر زیر بحث آیا کہ نان کوالیفائیڈ طبیب بھی حجامہ کررہے ہیں جس سے مریضوں کا نقصان ہورہا ہے - اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ حجامہ کرنے کا مجاز صرف اور صرف طبیب ہے کوئی دوسرا فرد حجامہ کرنے کا مجاز نہیں-اس مقصد کے لیے متعلقہ حکام کو نیشنل کونسل فار طب کی جانب سے بذریعہ خطوط آگاہ کرنے کا فیصلہ ہوا- اجلاس میں مانسہرہ طبیہ کالج کی کثرت رائے سے منظوری دی گئی جبکہ صاحبزادہ سہیل شہید طبیہ کالج مردان کو مطلوبہ معیار نہ ہونے کی وجہ سے دوبارہ انسپیکشن کے لیے ملتوی کردیاگیا - چیئرمین نصاب کمیٹی حکیم محمدیونس فہیم نے کہا کہ ہم اگلے دو ماہ میں فاضل الطب والجراحت کے سال اول اور سال دوم کے نصاب میں اپ گریڈیشن اور طبی دواساز کا کورس مرتب کر کے اپنی سفارشات پیش کردیں گے - فارما کوپیا کمیٹی کے چیئرمین حکیم حافظ محمدیونس نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ فارما کوپیاکمیٹی مفردات کے حصہ پر کام کررہی ہے اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد کے اشتراک سے اس پر مزید بہتر انداز میں کام کے لیے باہمی تعاون کا معاہدہ کرنے کی منظوری درکار ہے، کونسل کی جانب سے مشترکہ طور پر فیصلہ کیاگیا کہ NIH کے ساتھ فارما کوپیا کی تشکیل و تدوین کے لیے ایک معاہدہ کیاجائیگا- پبلیکیشنز کمیٹی کے چیئرمین حکیم سید ذوالحسنین بخاری نے مجلہ الحکمہ کی اشاعت کے حوالہ سے بتایا کہ انشاء اللہ دسمبر سے پہلے نیا شمارہ شائع کردیا جائے گا- حج میڈیکل مشن میں شمولیت اور کونسل کے اپنے دفتر کی زمین کا حصول کے لیے حکیم رضوان حفیظ ملک نے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی - انہوںنے کہا کہ کونسل کی جانب سے حج پالیسی میں شمولیت کے لیے وزارت صحت کی وساطت سے وزارت مذہبی امور کو فوری خط تحریر کیا جائے - اور چیئرمین حج کمیٹی قاضی محمداقبال کے ساتھ مل کر حج میڈیکل مشن میں اطباء کی شمولیت کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی- اس موقع پر کمیٹیوں کی تشکیل نو بھی کی گئی اور انسپیکشن اینڈ ایجو کیشن کمیٹی کا چیئرمین حکیم راحت نسیم سوہدروی ، جبکہ سپیشل ٹاسک کمیٹی کا چیئرمین حکیم رضوان حفیظ ملک کو منتخب کیاگیا- اجلاس میں سابق ممبران نیشنل کونسل فار طب پروفیسر حکیم مجاہد محمود برکاتی اورحکیم محمد کریم غوری کی وفات حسرت آیات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیاگیا اور مرحومین کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی - اس موقع پر 17 اکتوبر کو حکیم حافظ محمدسعید شہید کی برسی کا یوم ہونے کی نسبت سے نیشنل کونسل فار طب کی جانب سے حکیم سعید صاحب کی طبی ، ملی ، سیاسی ، سماجی اور رفاعی خدمات پر خراج تحسین پیش کیاگیا- آخر میں صدر نیشنل کونسل فارطب پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری نے تمام اراکین کا اجلاس میں شرکت کرکے اپنی تجاویز اور سفارشات پیش کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کونسل کی کارکردگی کو مزیدبہتر بنانے کے لیے تمام اراکین کو مل جل کر کام کرنے کی تلقین کی پاکستان طبی کانفرنس کے عہدیدران حکیم محمد افضل میو ، حکیم سید عمران فیاض اور حکیم احمد حسن نوری نے حجامہ اور دواسازی کی منظوری دینے پر مبارکبار پیش کی۔