انصاف کے لیے اب اگر سڑکوں پر آئے تو قصاص لیے بغیر گھروں کو نہیں لوٹیں گے‘ڈاکٹر طاہر القادری

سرکاری وسائل انصاف دینے کی بجائے قاتلوں کو بچانے پر خرچ ہورہے ہیں‘سربراہ عوامی تحریک کی وکلاء سے گفتگو

بدھ 18 اکتوبر 2017 17:43

انصاف کے لیے اب اگر سڑکوں پر آئے تو قصاص لیے بغیر گھروں کو نہیں لوٹیں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ نواز شہباز میں کوئی فرق نہیں ہے دونوں ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں،جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ اس لیے پبلک نہیں ہونے دی جارہی کیونکہ رپورٹ میں قاتلوں کے نام اور پتے درج ہیں، حکومتی اپیل میں شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء سے وعدہ کیا گیا تھا کہ روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہو گی مگر یہ وعدہ پورا نہیں ہو رہا ، قاتل برادران اپنے وکلاء کو عدالت سے تعاون نہ کرنے کی فیس دیتے ہیں۔

عوامی تحریک کے وکلاء رہنمائوں سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاکہ پنجاب کے سرکاری وسائل مظلوموں کو انصاف دینے کی بجائے قاتلوں کو بچانے پر خرچ ہورہے ہیں،طاقتور کے ظلم کا شکار مظلوموں کو انصاف دینا ریاست کی اولین ذمہ داری ہے مگر موجودہ نام نہاد جمہوری حکمران انصاف کے راستے کی سب سے بڑی دیوار بنے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس بار مظلوم انصاف کے لیے سڑکوں پر آئے تو قصاص لیے بغیر گھروں کو نہیں لوٹیں گے۔

سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ پبلک کرنے کے ضمن میں سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف حکومتی اپیل پر فیصلے کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا کہا گیا تھا مگر حکومتی وکلاء حیلوں ہتھکنڈوں سے لمبی لمبی تاریخیں لے کر روایتی تاخیر ہتھکنڈے اختیار کررہے ہیں ،عدالت قاتلوں کو کسی قسم کا ریلیف نہ دے، مظلوموں اور مقتولوں کی بات سنی جائے۔حکمرانوں کے اس فاشسٹ رویے کے باعث لاقانونیت کا کلچر پروان چڑھ رہا ہے۔فیصلوں میں جتنی تاخیر ہو گی نقصان اتنا زیادہ ہو گا۔

متعلقہ عنوان :