قائم مقام وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ نثار احمد خان کی صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان سے ملاقات، مسئلہ کشمیر پر سفارتی و سیاسی تحریک تیز کرنے پر اتفاق

بدھ 18 اکتوبر 2017 17:41

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2017ء) قائم مقام وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ نثار احمد خان نے بدھ کو کشمیر ہائوس میں صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران انہوں نے مسئلہ کشمیر پر سفارتی و سیاسی تحریک کو تیز تر کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم کا خاتمہ کرے۔

انہوں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ سلامتی کونسل یا حقوق انسانی کونسل کا ایک تحقیقاتی کمیشن بھارت اور مقبوضہ کشمیر بھیجے تاکہ بھارتی قابض افواج کے جنگی جرائم کی تفتیش کر سکے۔ بھارت اگر اس سے انکار کرتا ہے تو اس کی اقوام متحدہ کے ایوانوں میں مذمت کی جائے۔ صدر آزاد کشمیر اور قائم مقام وزیراعظم نے حکومت کی عمومی کارکردگی پر اظہار اطمینان کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ انفراسٹرکچر، توانائی، برقیات اور دیگر تعمیراتی شعبوں میں حکمت عملی کو زیادہ موثر بنایا جا رہا ہے تاکہ ریاست اپنے تمام اہداف حاصل کر سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بھی کہا کہ تعلیمی اداروں میں صرف اور صرف معیار پر تقرریوں کی روایت کو برقرار رکھا جائے گا کیونکہ جامعات اور کالجوں سے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات ہی تیز رفتار تعمیر و ترقی کے ضامن اور محافظ ہوں گے۔ دونوں رہنمائوں نے یہ بھی کہا کہ شفافیت اور جواب دہی کا عمل مسلمہ اصولوں اور قواعد کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے۔