کورٹ اینڈ کیس مینجمنٹ پلان پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا، سہیل ناصر

بدھ 18 اکتوبر 2017 17:31

راولپنڈی 18 ۔ اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2017ء)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ کی طرف سے عدالتی نظام میں بہتری لانے کیلئے جاری اصلاحات پر عملدرآمد کے نتیجے میں ڈسٹرکٹ جوڈیشل کمپلکس راولپنڈی میں کورٹ اینڈ کیس مینجمنٹ پلان پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی سہیل ناصر کے مطابق مقدمات کے جلد تصفیہ کے لئے سول کیسز، فیملی کورٹس ، قتل منشیات اور دیگر جرائم کے مقدمات کے لئے عدالتیں مخصوص کر دی گئی ہیں۔

سرکاری محکموں سے متعلق مقدمات کی سماعت بھی مخصوص عدالتوں میں ہوگی تاکہ متعلقہ مقدمات کی سماعت میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے اور فیصلے جلد ہو ں ۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی سہیل ناصرنے کہا کہ عدالتی عملے کے لئے یونیفارم لازمی قرار دے دی گئی ہے اور اس وقت تمام جوڈیشل سٹاف راولپنڈی میں یونیفارم میں خدمات سر انجام دے رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ جوڈیشل کمپلکس راولپنڈی میں عدالتوں کے بارے میں رہنمائی کے لئے گائیڈ میپ نصب کر دیا گیا ہے جس کی مدد سے مقدمات کی سماعت کے سلسلے میں جوڈیشل کمپلکس آنے والے افراد با آسانی متعلقہ عدالتوں میں جا سکیںگے۔

سہیل ناصر نے کہا کہ اوقات کار کے دوران حاضری یقینی بنانے کے لئے بائیومیٹرک سسٹم نافذ کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس کے علاوہ متعدد ایسے مزید اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جن کے تحت وقت ضائع کئے بغیر مقدمات تیزی سے نمٹانے میں مدد مل سکے اور عدالتوںمیں مقدمات طویل عرصہ تک زیر التوا نہ رہیں۔