حکومت ملک میں ہر سطح کے منتخب جمہوری اداروں کا احترام کرتی ہے،

بلدیاتی اداروں کا ملک کی ترقی میں اہم کردار ہے، شراکتی جمہوریت ہی جمہوری استحکام کی ضمانت ہے‘ کراچی کو امن اور خوشحالی کا گہوارہ بنانا ہمارا مشترکہ ہدف ہے‘ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ایم کیو ایم پاکستان کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو

بدھ 18 اکتوبر 2017 17:18

حکومت ملک میں ہر سطح کے منتخب جمہوری اداروں کا احترام کرتی ہے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں ہر سطح کے منتخب جمہوری اداروں کا احترام کرتی ہے، بلدیاتی اداروں کا ملک کی ترقی میں اہم کردار ہے، شراکتی جمہوریت ہی جمہوری استحکام کی ضمانت ہے۔ کراچی کو امن اور خوشحالی کا گہوارہ بنانا ہمارا مشترکہ ہدف ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو ایم کیو ایم پاکستان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے ڈاکٹر محمد فاروق ستار کی قیادت میں وزیراعظم سے وزیرِ اعظم آفس میں ملاقات کی۔

وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں کراچی اور حیدرآباد کے حوالے سے وزیرِاعظم کے ترقیاتی پیکیج کا جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ فنڈز کا اجراء رواں ماہ میں یقینی بنایا جائے گا اور منصوبوں پر فی الفور کام شروع کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیرِ اعظم نومبر میں حیدر آباد یونیورسٹی کا سنگِ بنیاد بھی رکھیں گے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے کے ایم سی کے حوالے سے حکومت سندھ کے عدم تعاون کی شکایت کی جس کی وجہ سے کراچی میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے اور اہل کراچی کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ حکومت ملک میں ہر سطح کے منتخب جمہوری اداروں کا احترام کرتی ہے۔ بلدیاتی اداروں کا ملک کی ترقی میں اہم کردار ہے جس کے لئے صوبائی حکومت کی توجہ مبذول کرائی جائے گی کیونکہ شراکتی جمہوریت ہی جمہوری استحکام کی ضمانت ہے۔

اجلاس میں کراچی کے امن کو ہر قیمت پر یقینی بنائے رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ حکومت نے کراچی کی ترقی کے لئے ریکارڈ پیکیج منظور کیا ہے اور سابق وزیرِاعظم محمد نواز شریف کے تمام وعدے پورے کئے جائیں گے، کراچی پاکستان کا اقتصادی دارالخلافہ ہے جس کوامن اور خوشحالی کا گہوارہ بنانا ہمارا مشترکہ ہدف ہے۔ اجلاس نے اتفاق کیا کہ پاکستان میں جمہوریت کی مضبوطی کے لئے تمام جمہوری قوتوں کو اپنے اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔

پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لئے آئین کی بالا دستی اور جمہوری عمل کا تسلسل لازمی ہے۔ ملک کے تمام مسائل کا حل آئین، قانون اور پارلیمنٹ کی بالادستی میں مضمر ہے اور اس ضمن میں پارلیمان کی آئینی معیاد کا احترام ضروری ہے۔ وزیرِ اعظم نے وزیرِ داخلہ کو ہدایت کی کہ مقدمات کے حوالے سے ایم کیو ایم پاکستان کی شکایات کا جائزہ لیا جائے اور انصاف کے تقاضے یقینی بنائے جائیں۔ وفد عامر خان، کنور نوید، وسیم اختر اور کامران ٹیسوری پر مشتمل تھا۔ وزیرِ داخلہ احسن اقبال، وزیرِ ریلوے خواجہ سعد رفیق، گورنر سندھ محمد زبیر، سینیٹر سلیم ضیاء، مفتاح اسماعیل اور صدر مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن منور رضا بھی ملاقات میں موجود تھے۔