محکمانہ سروسز کے فوائد عام شہریوں تک پہنچانے کی ہدایت ،تمام سرکاری محکمے باہمی تعاون سے شہریوں کو ریلیف دیں،ڈپٹی کمشنر

بدھ 18 اکتوبر 2017 17:15

فیصل آباد۔18 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2017ء)ڈپٹی کمشنر فیصل ۱ٓباد سلمان غنی نے ضلعی محکموں کے افسران کو حکم دیا ہے کہ وہ لوگوں کے مسائل تیزی سے حل کرنے پر خصوصی توجہ دیں اور اس ضمن میں محکمانہ سروسز کے معیار میں مزید اضافہ کیا جائے تاکہ شہریوں کا ان پر اعتماد مضبوط ہو،انہوں نے یہ حکم اپنے دفتر میں کھلی کچہری کے دوران لوگوں کی شکایات/مسائل سنتے ہوئے جاری کیا،ڈپٹی کمشنر نے مسائل کے حل کیلئے لوگوں کی درخواستوں پر احکامات جاری کئے اور بعض افسران کو بلاکر مسائل کے حل میں تاخیر سے متعلق دریافت کیا،انہوں نے کہا کہ تعلیم،صحت،مواصلات،واٹر سپلائی،سیوریج اور دیگر شعبوں کی محکمانہ سروسز کے فوائد عام شہری تک پہنچنے چاہئیں اور تمام متعلقہ محکمے مربوط حکمت عملی کے تحت فرائض انجام دیں اور ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈالنے کی بجائے باہمی تعاون سے شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے،انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تحصیلوں میں لوگوں سے رابطہ بڑھائیں اور دفاتر میں ملاقات کو اپنا شعار بنائیں تاکہ انہیں ضلعی ہیڈ کوارٹر نہ آنا پڑے،انہوں نے کہا کہ لوگوں کی شکایات فوری حل کرنے کی کوشش کی جائے تاکہ انہیں بار بار دفاتر کے چکر نہ لگانا پڑیں ۔