تبدیلی انتشار،الزام تراشی ،گالم گلوچ اورکھوکھلے نعروں سے نہیں عملی اقدامات سے آتی ہے‘پرویزملک

بدھ 18 اکتوبر 2017 17:08

تبدیلی انتشار،الزام تراشی ،گالم گلوچ اورکھوکھلے نعروں سے نہیں عملی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2017ء) وفاقی وزیر تجارت محمد پرویز ملک اور صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ ہر محاذ پرشکست خوردہ دھرنا، لاک ڈاؤن اور ملکی ترقی کے خلاف گروپ کو اپنے منفی رویوں کو بدل لینا چاہیے کیونکہ تبدیلی انتشار،الزام تراشی ،گالم گلوچ اورصرف نعروں یا تقریروں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے آتی ہے اور پاکستان کے عوام کو کھوکھلے نعروں سے نہیں دھوکہ دیا جا سکتا، دھرنوں کے ذریعے ملک و قوم کے قیمتی وقت کو بلاجواز ضائع کیا گیا، جھوٹ اوربے بنیاد الزامات کی سیاست پہلے کامیاب ہوئی نہ آئندہ ہو گی۔

اگردھرنا گروپ ملکی ترقی میں رکاٹیں کھڑی نہ کرتا تو بجلی کے متعدد منصوبے آج مکمل ہوچکے ہوتے، جو لوگ عوام کی ترقی وخوشحالی کے سفر میں رخنہ ڈالنا چاہتے تھے وہ سیاسی طور پر تنہا ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر غزالی سلیم بٹ،میاں مرغوب، سید توصیف شاہ ،ڈپٹی میئرز نذیر خان سواتی،میاں طارق،ڈاکٹر اسد اشرف، عامر خان،رانا احسن شرافت اور چوہدری عبدالمجید نمبردار سمیت دیگر بھی ہمراہ تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لیگی حکومت نے عوام کے دئیے گئے مینڈیٹ کی لاج رکھی ہے اور عوام سے کئے گئے وعدے پورے کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ برداشت، تحمل اور بردباری کے جذبات کو فروغ دیکر ہی پاکستان کو امن کا گہوارہ اور ترقی وخوشحالی کی منزل سے ہمکنارکیاجاسکتا ہے۔ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے کرپشن فری کلچر کو فروغ دیا ہے، عوام کو ریلیف کی فراہمی اورمحروم معیشت طبقات کے معیار زندگی کو بہتر بنانا ہمارا مشن ہے اوراس مشن کی تکمیل کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کی لاگت سے فلاح عامہ کے منصوبوں پر کام ہورہا ہے۔