حکومت ملک میں صنعت و پیداوار کے شعبوں کی ترقی کیلئے جامع اقدامات پر عمل پیرا ہے ،

سی پیک کے تحت خصوصی اقتصادی زونز کے قیام سے ملک میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے

بدھ 18 اکتوبر 2017 16:07

حکومت ملک میں صنعت و پیداوار کے شعبوں کی ترقی کیلئے جامع اقدامات پر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2017ء) وفاقی وزیرصنعت وپیداوار غلام مرتضیٰ جتوئی نے کہاہے کہ حکومت ملک میں صنعت و پیداوار کے شعبوں کی ترقی کیلئے جامع اقدامات پر عمل پیرا ہے ، چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت خصوصی اقتصادی زونز کے قیام سے ملک میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں پرنسپل انفارمیشن آفیسرمحمد سلیم بیگ کی جانب سے دیئے گئے ظہرانے کے موقع پر میڈیا سے غیررسمی گفتگو کے دوران کیا۔

اس موقع پر وزارت صنعت وپیداوار وذیلی اداروں کے سربراہان اور انفارمیشن گروپ کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ حکومت عوام کی بہتری اورملک کو اقتصادی طور پر مضبوط بنانے کیلئے صنعتی شعبے کی ترقی اوربڑھوتری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، پیداوار میں اضافے کیلئے متعدد اقدامات کئے جارہے ہیں جن کے اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

پاک چین اقتصادی راہداری کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سی پیک کے تحت دونوں ممالک کے درمیان صنعت اورٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون اورترقی کے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔ سی پیک کے تحت پاکستان میں 55ارب ڈالر سے زائد مالیت کی سرمایہ کاری کی جارہی ہے جن میں سڑکوِں، بنیادی ڈھانچے اورتوانائی کے منصوبے شامل ہیں تاہم اس کے ساتھ ساتھ صنعتی و تکنیکی تعاون کے متعدد منصوبوں پر بھی کام ہورہاہے۔

ان منصوبوں میں ہائیر اینڈ روبا اقتصادی زون فیزٹو، راولپنڈی سے خنجراب تک آپٹیکل فائبرکیبل، ڈی ٹی ایم بی ڈیمانسٹریشن پراجیکٹ، لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین،اورپاکستان میں ٹی ڈی اور ایل ٹی ای کے کمرشلائزیشن کے منصوبے شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی وجہ سے پاکستان کے انجینئرز اور ہنرمندوں کو جدید تربیت اور ہنر بھی منتقل ہورہاہے جو انتہائی خوش آئند امر ہے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان سٹیل ملز کے معاملات کو بہتر بنانے کیلئے کام کررہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پیداوار میں اضافے کے ساتھ ساتھ ویلیو ایڈیشن بھی ہمارا مطمع نظر ہے ، حکومت معیاری پیداوار کو یقینی بنانے کیلئے کام کررہی ہے اور یہ بات انتہائی خوش آئند ہے کہ گزشتہ چاربرسوں میں صنعت وپیداوار کے شعبے میں بڑھوتری کی شرح 5فیصد سے زیادہ رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :