بھارت کو ایک روزہ میچز کے ٹورنامنٹس اور ٹیسٹ کرکٹ لیگ کے دوران میچز کھیلنا پڑیں گے

بھارت نہیں کھیلے گا تو اس کے پوائنٹس کٹ جائیں گے، سری لنکا کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی پاکستان آکر ضرور کھیلے گی،پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی کی پریس کانفرنس

بدھ 18 اکتوبر 2017 15:48

بھارت کو ایک روزہ میچز کے ٹورنامنٹس اور ٹیسٹ کرکٹ لیگ کے دوران میچز ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 اکتوبر2017ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ کراچی میں بھی کرکٹ کروانا چاہتے ہیں لیکن پہلے لاہور میں کرکٹ کو بحال کرنے کے پیچھے ایک وجہ تھی۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی سی بی کے سربراہ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ہم نے لاہور میں کرکٹ کو بحال کرکے دکھایا اور اب کراچی میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)اور بین الاقوامی میچز منعقد کیے جائیں گے جس کے حوالے سے وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ سے مثبت بات چیت ہوئی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلی مراد علی شاہ نے بھی کراچی میں کرکٹ کی بحالی کی خواہش کا اظہار کیا اور بورڈ کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی بھی کرائی۔پی سی بی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ سب جانتے ہیں کہ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کی حالت اس وقت بین الاقوامی کرکٹ کے معیار کے مطابق نہیں تاہم یہاں میچز منعقد کرانے کے لیے 3 سے 4 مہینے لگ سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

نجم سیٹھی کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں میچز کرانے کے لیے شہر کی سیکیورٹی کو بہتر بنایا جائے گا جس کے سلسلے میں پی سی بی سیکیورٹی چیف، آئی جی سندھ اور ڈی جی رینجرز سے ملاقاتیں کی جائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ آئی سی سی کا سیکیورٹی وفد کراچی کا دورہ کرے گا جس کی رپورٹ کی بنیاد پر ہی بین الاقوامی کھلاڑیوں کی ایسوسی ایشنز کھلاڑیوں کو پاکستان جانے کی اجازت دیں گے۔

بھارت کے ساتھ کرکٹ کی بحالی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ بھارت کو پاکستان کے ساتھ ایک روزہ میچز کے ٹورنامنٹس اور ٹیسٹ کرکٹ لیگ کے دوران میچز کھیلنا پڑیں گے اگر بھارت میچز نہیں کھیلے گا تو لیگ کے دوران اسے نقصان ہوگا اور اس کے پوائنٹس کٹ جائیں گے۔پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے چند میچز پاکستان میں کروانے کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ابھی تک منصوبہ یہی بنایا گیا ہے کہ پی ایس ایل کے 4 میچز کراچی میں جبکہ 3 میچز لاہور میں منعقد کیے جائیں گے۔

پاکستانی ذرائع ابلاغ میں سری لنکن ٹیم کی آمد کے حوالے سے خدشات کی تردید کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ سری لنکن کھلاڑی متحدہ عرب امارات(یو اے ای)میں جاری سیریز کے آخری ٹی ٹوئنٹی کے لیے لاہور آئیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سری لنکا کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی پاکستان آکر ضرور کھیلے گی جبکہ وہ ابھی بھی پاکستان آنے کے لیے تیار ہیں۔ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم کو ٹیم سے ڈراپ کر دینے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ فواد عالم کو منتخب کرنا اور ان کو ٹیم سے ڈراپ کرنا سلیکشن کمیٹی کی ذمہ داری ہے اور وہ معاملات میں مداخلت نہیں کرتے اور نہ ہی کمیٹی کے سربراہ انضمام الحق سے کوئی سوال کریں گے۔