گزشتہ الیکشن میں عوام سے کئے جانے والے وعدے پورے کردئیے،بیگم شاہدہ قدیر

بدھ 18 اکتوبر 2017 15:48

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2017ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)اسلام آباد کی سنیئر رہنما بیگم شاہدہ قدیر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے محمد نوازشریف کی قیادت میں گزشتہ الیکشن میں عوام سے کئے جانے والے وعدے پورے کردئیے ہیں۔انہوں نے اپوزیشن جماعت تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ناکامی کے بعد عمران خان ملک میں تبدیلی کی بات کیسے کرتے ہیں۔

ملکوں میں تبدیلیاں کام کرنے سے آتی ہیں دھرنوں سے نہیں، عمران خان خیبرپختونخوا کی عوام کو 4 سال کا حساب دیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی عوام باشعور ہوچکی ہے ایک کینیڈین شہری ہر 6 ماہ کے بعد پاکستان میں آتا ہے اور پاکستان کوبند کرنے کی دھمکی دیتا ہے ایسے افراد کے خلاف عوام کو فیصلہ کرناچاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان اور طاہرالقادری کو عدالت اشتہاری قرار دے چکی ہے وہ عدالت میں پیش نہیں ہورہے ہیں۔

میاں نوازشریف نے عدالت میں اپنے پورے خاندان سمیت پیش کرکے یہ ثابت کردیا ہے کہ قانو ن سے بالاتر کوئی نہیں۔ اپنے بیان میںمسلم لیگ(ن)اسلام آباد کی سنیئر رہنما بیگم شاہدہ قدیر نے مزید کہاکہ قائد میاں نوازشریف کو ایک بین الاقوامی سازش کے تحت اقتدار سے علیحدہ کیاگیا ہے۔بیرونی طاقتیں پاکستان کی تعمیر و ترقی برداشت نہیں کرسکتیں،گذشتہ 4سالوں میں پاکستان میں سی پیک سمیت جتنے ترقیاتی کام ہوئے وہ گذشتہ 60سالوں میں بھی نہیں ہوسکے۔

اپنے بیان میں بیگم شاہدہ قدیر نے مزیدکہاکہ میاں نوازشریف کی قیادت میں ملک میں ترقی ہوئی ہے، انہیں اقتدار سے باہرکرنا ایک بین الاقوامی سازش ہے جس میں ہمارے پاکستانی بھی شامل ہیں جو ملک میں ترقی ، امن اور بڑھتی ہوئی معیشت کو برداشت نہیں کرسکتے،پاکستان دشمن عناصر اتنایادرکھیں کہ پاکستان میں اب ادارے مضبوط ہوگئے ہیں اب ان کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔بیگم شاہدہ قدیر نے کہاکہ پاکستانی عوام پنجاب،سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان کا موازنہ کرلیں2018ء کے الیکشن میں ایک بارپھر کارکردگی کی بنیاد پر پاکستانی عوام کامیاب کرے گی اور مسلم لیگ بھاری اکثریت سے حکومت بنائے گی۔

متعلقہ عنوان :