سبزیوں کی منافع بخش کاشت کیلئے دیسی کھادیں اہم ہیں، ماہرین

بدھ 18 اکتوبر 2017 15:14

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2017ء) ماہرین زراعت نے کہا ہے کہ سبزیوں کی منافع بخش کاشت میں دیسی کھادیں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں لہٰذا کاشتکار سبزیوں کی کاشت سے قبل گوبر کی گلی سڑی کھاد کھیتوں میں ضرور ڈالیں تاکہ زمین کو ذرخیز بنانے میں مدد مل سکے نیز زمین کے کیمیائی تجزیے کے بعد کھیتوں میں اجزائے صغیرہ اور کبیرہ کی صحیح مقدار ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے عملہ کی مشاورت استعمال کی جائے تاکہ کاشتکاروں کو بہتر پیداوار حاصل کرنے میں مدد ملے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں سبزیوں کی کاشت کیلئے چونکہ عام فصلات کی نسبت زیادہ پانی کی ضرورت ہوتی ہے اس لئے زمین کا انتخاب کرتے وقت ایسی زمین کا چنائو کیا جائے جس میں پانی جذب کرنے کی زیادہ صلاحیت موجود ہو ۔ انہوںنے بتایاکہ کاشتکار زمین کی تیاری پر بھر پور توجہ دیں اور اسے نرم و ہموار کرنے کے بعد اس میں اچھا معیاری نسل کا صاف ستھر ا، جڑی بوٹیوں سے پاک بہترین روئیدگی کا حامل بیج درست شرح میں استعمال کریں تاکہ بروقت اور بہترین پیداوار کا حصول ممکن بنایا جا سکے۔