پاکستان بھر کی طرح آزاد کشمیر میں بھی شہداء سانحہ کارساز کی برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی

بدھ 18 اکتوبر 2017 14:47

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 اکتوبر2017ء) سابق وزیراعظم پاکستان پیپلزپارٹی کی قائد محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی طویل جلا وطنی کے بعد وطن واپسی کے موقع پر سانحہ کار ساز کے عظیم الشان اجتماع میں ہونے والے خود کش دھماکوں کی دسویں برسی پاکستان کے چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر بھر میں انتہائی عقیدت واحترام اور نظریاتی جوش و خروش سے منائی گئی ۔

سانحہ کار ساز میں شہید ہونے والے 170 سے زائد جمہوریت پسند جیالوں کے ارواح کے ایصال ثواب کے لئے مساجد شریف ، گھروں میں قرآن خوانی اور دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا ۔ آزاد کشمیر بھر میں پیپلزپارٹی کے صدر چوہدری لطیف اکبر کی خصوصی ہدایت پر پورے آزاد کشمیر میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن میں پارٹی کے بانی چیئرمین قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو ، دختر مشرق بے نظیر بھٹو شہید سمیت، جمہوریت کے لئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والوں کو زبر دست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا جبکہ جواں سال چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا ۔

(جاری ہے)

سانحہ کار ساز کی 10 ویں برسی کے موقع پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی سیکرٹری ریکارڈ شوکت جاوید میر نے کہا کہ پاکستان و کشمیر پیپلزپارٹی سے روح اور جسم کا رشتہ ہے قومی مفاد ملکی وقار و دفاع کے لئے خون بہانے کی ایک عالمگیر تاریخ اپنی مثال آپ ہے ۔2018 کے عام انتخابات میں پیپلزپارٹی واضح برتری حاصل کریگی اور بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے کم عمر ترین وزیراعظم منتخب ہو کر اپنے نانا شہید ذوالفقار علی بھٹو اور اپنی عظیم ماح محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی طرح عالمی اعزاز حاصل کرینگے ۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے منشور کے مطابق ہمیشہ غریب عوام کی زبان بنی اور ان کے حقوق کے لئے سخت سے سخت صعوبتیں جیلیں ، قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے جاری کردہ منشور روٹی، کپڑا اور مکان ، غریب کسانوں اور مزدوروں کو ان کے بنیادی حق کی آواز سب سے پیپلزپارٹی نے بلند کی ۔ پیپلزپارٹی نے اپنے دور اقتدار میں کبھی کوئی انتقامی کاروائی نہیں کی بلکہ سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کے نعرہ جمہوریت اچھا انتقام ہے کو عملی جامعہ پہنایا ۔ انشاء اللہ آئندہ عام انتخابات میں پیپلزپارٹی بھی اسی منشور، قومی نظریات ، قومی مفاد اور قومی سلامتی کے جوش و جذبے کے ساتھ الیکشن میں حصہ لے کر حکومت بنائے گی ۔

متعلقہ عنوان :