بالائی خلاء کو ہتھیاروں سے پاک کرنے اور اسے تحقیقی اور پرامن مقاصد کیلئے استعال کرنے کی ضرورت ہے ،ْ پاکستان

بدھ 18 اکتوبر 2017 14:41

بالائی خلاء کو ہتھیاروں سے پاک کرنے اور اسے تحقیقی اور پرامن مقاصد ..
جنیوا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2017ء) پاکستان نے کہا ہے کہ بالائی خلاء کو ہتھیاروں سے پاک کرنے اور اسے تحقیقی اور پرامن مقاصد کیلئے استعال کرنے کی ضرورت ہے۔ جینوااقوام متحدہ میں پاکستان کے مندوب فرخ عامل نے جنرل اسمبلی کی تخفیف اسلحہ و سلامتی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بالائی خلاء پر انسانی انحصار اوراس کے استعمال میں مسلسل اضافہ ہورہاہے ، ایسے حالات میں بالائی خلاء کے عسکری استعمال کے خطرات بڑھ رہے ہیں، بالائی خلاء کو ہتھیاروں کی دوڑ اور تصادم کا علاقہ بننے سے بچانے کیلئے جامع اقدامات کرنا ہوں گے کیونکہ یہ بنی نوع انسانیت کا مشترکہ ورثہ ہے۔

پاکستانی مندوب نے کہاکہ اس وقت ٹیکنالوجی میں برتری کی وجہ سے چند ممالک کی بالائی خلاء میں اجارہ داری ہے تاہم یہ صورتحال ہمیشہ نہیں رہ سکتی، دیگر ممالک بھی بالائی خلاء کی تسخیر اورتحقیق کے مقاصد کیلئے سامنے آرہے ہیں ، اس علاقہ میں ہتھیاروں کے پھیلائو کو روکنے کی ذمہ داری ترقی پذیر ممالک پر عائد نہیں ہوتی اور نہ ہی ترقی پذیر ممالک پرامن مقاصد کیلئے بالائی خلاء کے استعمال پر پابندیوں کو قبول کریں گے۔

(جاری ہے)

پاکستانی مندوب نے کہاکہ اگرچہ بالائی خلاء میں جوہری اوربڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کو ذخیرہ نہیں کیا جاسکتا تاہم دیگر نوعیت کی ہتھیاروں کو یہاں رکھنے کے حوالے سے خاموشی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اس ضمن میں معاہدہ کے مسودے کی حمایت کرتا ہے۔

متعلقہ عنوان :