لاڑکانہ، ایم اے انگلش پاس نوجوان چھولے بیچنے لگا

بدھ 18 اکتوبر 2017 14:31

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2017ء)ایم اے انگلش پاس نوجوان نوکری نہ ملنے پر چھولے بیچنے لگا، یہ نوجوان چھولے بیچنے کے لیے انگریزی میں آوازیں لگاتا ہے۔تفصیلات کے مطابق ماں باپ زندگی بھر کی جمع پونجی لگا کر اچھے مستقبل کے لیے اپنے بچوں کو بہتر سے بہتر تعلیم دلانے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ وہ ان کے بڑھاپے کا سہارا بن سکے اور اپنی آنے والی زندگی آسودہ پرسکون اور خوشی سے گزار سکے۔

لیکن تعلیم حاصل کرنے کے بعد اس نوجوان کو اس کے معیار کے مطابق کوئی نوکری نہ مل سکے تو وہ اپنا اور اپنے گھر والوں کا پیٹ بھرنے کے لیے کچھ بھی کرنے کو تیار ہوجاتا ہے۔لاڑکانہ کے مراد واھن محلہ کے رہائشی قربان علی شیخ ایم اے انگلش پاس ہونے کے باوجود بھی نوکری نہ مل سکی۔

(جاری ہے)

قربان علی شیخ رشوت اور سفارش نہ ہونے کے باعث در در کی ٹھوکریں کھا کر تھک گیا اور بالآخر ابلے ہوئے چھولوں کی چھابڑی سنبھال لی۔

بے روزگاری سے تنگ یہ نوجوان اتنا دل برداشتہ ہے کہ لاڑکانہ کے بازار میں اپنے چھولے بیچنے کے لیے انگلش میں آوازیں لگاتا ہے کہ شاید اس کی یہ پکارسن کر لاڑکانہ میں رہنے والے وہ لوگ جو حکمرانی کے سنگھاسن پر براجمان ہیں، ان کے کان پر بھی جوں رینگ جائے اور وہ اپنے بوڑھے والدین کے خوابوں کو پورا کرسکے۔