پولیس ٹرک پر بم حملے کے بعد سول ہسپتال اور بولان میڈیکل ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی،

حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملکر بلوچستان سے دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ لڑ رہے ہیں، بزدلانہ حملوں سے ہمارے حوصلوں کو پست نہیں کیا جا سکتا، صوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ

بدھ 18 اکتوبر 2017 13:48

پولیس ٹرک پر بم حملے کے بعد سول ہسپتال اور بولان میڈیکل ہسپتال میں ایمرجنسی ..
کوئٹہ۔18 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2017ء) صوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ نے کوئٹہ میں پولیس ٹرک پر بم حملے کے بعد سول ہسپتال کوئٹہ اور بولان میڈیکل ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرکے ڈاکٹروںاور پیرامیڈیکل اسٹاف کو زخمیوں کو بہترعلاج معالجے کی بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔ صوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ نے کوئٹہ میں پولیس ٹرک پر بم حملے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہارکیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مل کر بلوچستان سے دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ لڑ رہے ہیں ایسے بزدلانہ حملوں سے ہمارے حوصلوں کو پست نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے جانوں کے نذرانے دینے والے پولیس اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار ہمارے ہیرو ہیں جن کی قربانیوں کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

میررحمت صالح بلوچ نے بم دھماکے میں شہید ہونے والے پولیس اوردیگرافراد کے اہل خانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا بھی کی ۔ انہوں نے بم دھماکے کے بعد فوری طور پر سول ہسپتال کوئٹہ اور بولان میڈیکل ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرکے ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو ہدایت کی کہ وہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کریں اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو بم دھماکے میںزخمی ہونے والے افراد کو ملک کے دیگر ہسپتالوں میں بھی منتقل کیا جائے گا۔ دریں اثناء صوبائی وزیر صحت میررحمت صالح بلوچ نے سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر میں بم دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی اورانہیں علاج معالجے کی فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔

متعلقہ عنوان :