مریم نواز کی احتساب عدالت کے باہر وکلا اور پولیس کے ہنگامے کا ڈراپ سین

وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری اور وزیر مملکت کیڈ طارق فضل نے وکلا اور پولیس میں صلح کرا دی ڈپٹی کمشنر آفس میں صلح کے بعد وکلا نے مقدمے کی درخواست واپس لے لی‘ تین پولیس افسروں کے خلاف توہین عدالت کے نوٹس بھی رکوا دئیے گئے

بدھ 18 اکتوبر 2017 13:35

مریم نواز کی احتساب عدالت کے باہر وکلا اور پولیس کے ہنگامے کا ڈراپ سین
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 اکتوبر2017ء) سابق وزیر اعظم نوا زشریف کی صاحبزادی مریم نواز کی احتساب عدالت پیشی کے دوران وکلا اور پولیس میں ہنگامہ آرائی کا ڈراپ سین ہو گیا۔ وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری اور وزیر مملکت کیڈ طارق فضل نے وکلا اور پولیس میں صلح کرا دی۔ڈپٹی کمشنر آفس میں صلح کے بعد وکلا نے مقدمے کی درخواست واپس لے لی۔

تین پولیس افسروں کے خلاف توہین عدالت کے نوٹس بھی رکوا دئیے گئے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ احتساب عدالت کے باہر رینجرز کی تعیناتی کے خدشے پر صلح کروائی گئی ہے۔واضح رہے کہ 13 اکتوبر کو مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ سماعت کے موقع پر مسلم لیگ (ن) کے وکلاء کی ایک ٹیم نے عدالت میں جانے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے روکے جانے پر انہوں نے شدید احتجاج اور نعرے بازی کی۔ اس موقع پر دھکم پیل کے دوران ایک مرد اور ایک خاتون وکیل کے ساتھ ساتھ 2 خواتین پولیس افسران اور ایک لیڈی کانسٹیبل زخمی ہو گئی تھی۔