وزارت منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران پی ایس ڈی پی کے تحت گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 37 ارب روپے زیادہ جاری کئے

بدھ 18 اکتوبر 2017 12:16

وزارت منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2017ء) وزارت منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات نے رواں مالی سال 2017-18ء کی پہلی سہ ماہی کے دوران سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگراموں کے تحت ایک کھرب 47ارب 29کروڑ 74لاکھ کے فنڈز جاری کئے جبکہ گزشتہ مالی سال 2016-17ء کے دوران اسی مدت تک ایک کھرب 10ارب 44کروڑ 83 لاکھ روپے کے فنڈز جاری کئے گئے جو کہ گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں 37 ار ب روپے زیادہ ہیں۔

پلاننگ کمیشن کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق حکومت پاکستان وژن 2025 کے تحت ملک میں سڑکوں کے نیٹ ورک میں اضافے کا ہدف مقرر کررکھا ہے جس کے تحت 2018ء تک 0.45کلومیٹر فی مربع کلومیٹر کی شرح سے اس نیٹ ورک کو 260000 کلومیٹر سے بڑھا کر 358000کلومیٹر تک پہنچانا ہے جبکہ اس ضمن میں سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگراموں کے تحت پچھے مالی سال کے دوران 92 منصوبوں کیلئے 30 ارب 11کروڑ 75 لاکھ روپے جاری کئے گئے جبکہ رواں مالی سال کے دوران 55 اسکیموں کیلئے 58 ارب 62کروڑ 47 لاکھ روپے مختص کئے جا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

پانی کے 21منصوبوں کیلئے گزشتہ مالی سال کے دوران 3ارب 31 کروڑ 3 لاکھ روپے رکھے گئے تھے جبکہ روا ں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران 10منصوبوں کیلئے 7 ارب 86کروڑ 88لاکھ روپے جاری کئے جا چکے ہیں۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کی ہدایت کے مطابق خطے کے ممالک کو مد نظر رکھتے ہوئے پاکستان کو بھی صحت، تعلیم اور سماجی ترقی کے شعبوں میں خاطر خواہ کام کرنا ہوگا۔

انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت نے صحت اور تعلیم کے شعبوں میں ترقی لانے پر اپنی تمام تر توجہ مرکوز کررکھی ہے۔ ملک کے ہر ضلع میں یونیورسٹی کے قیام کا منصوبہ جاری ہے ، گزشتہ سال کی پہلی سہ ماہی میں ان شعبوں کیلئے 4ارب 43کروڑ 94لاکھ روپے کی اجراء ممکن بنائی گئی تھی جو اس سال اب تک 6 ارب 50 کروڑ 87 لاکھ روپے تک جا پہنچی ہے، شعبہ تعلیم و تربیت کے 16منصوبوں کیلئے ایک ارب 37کروڑ42 لاکھ روپے جبکہ صحت کے 17منصوبوں کیلئے ایک ارب 99کروڑ 8 لاکھ روپے فراہم کئے جا چکے ہیں۔

پاکستان وژن 2025 کے عین مطابق وفاقی حکوت نے گورننس و اداروں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے 23 مختلف پراجیکٹس کی منصوبوں بندی کررکھی ہے جس کیلئے پہلی سہ ماہی کے دوران 66کروڑ8لاکھ روپے کے فنڈز کا اجراء ممکن بنایا گیا۔ خوراک و زراعت کے شعبے کے 21 منصوبوں کیلئے 38 کروڑ 64 لاکھ، اندسٹریز سیکٹر کے 7منصوبوں کیلئے رواں سال 27 کروڑ 16 لاکھ روپے جاری کئے جا چکے ہیں۔