ضلعی بیت المال کمیٹی قصور کے زیر اہتمام مستحقین میں مالی امداد کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب

بدھ 18 اکتوبر 2017 11:00

قصور۔18 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2017ء)ضلعی بیت المال کمیٹی قصور کے زیر اہتمام ضلع بھر کے مستحقین میں 18لاکھ 50ہزار روپے کی مالی امداد کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب بیت المال آفس قصور میں منعقد ہوئی جس میں رکن قومی اسمبلی وسیم اختر شیخ ‘چیئر مین ضلعی بیت المال کمیٹی قصور ناصر محمود خاں ‘ممبران بیت المال کمیٹی صفیہ سعید ‘حکیم محمد عبداللہ ‘نوشین جاوید ‘یوسف گل ‘سیکرٹری ریڈ کریسنٹ و ممبر جمیل احمد خاں اور ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عباد علی جتالہ ‘اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد اکبر رضا نے شرکت کی ۔

اس موقع پر ضلعی چیئر مین بیت المال کمیٹی قصور ناصر محمود خاں نے بتایا کہ بیت المال کو جو بھی فنڈ حکومت پنجاب کی جانب سے جاری ہوئے ہیں انکی تقسیم شفافیت اور میرٹ کو مد نظر رکھ کرکی جارہی ہے ، ضلع بھر سے موصول ہونیوالی درخواستوں کی مکمل جانچ پڑتال کر کے اصل مستحقین کی فہرستیں مرتب کی گئی ہیں ، اس تقریب میں مجموعی طور پر 136مستحقین میں 8لاکھ 10ہزار روپے مالی امداد کے چیک ‘معذور افراد کیلئے 3لاکھ 45ہزار روپے ‘جہیز فنڈ کی مد میں 5لاکھ 60ہزار روپے اور میڈیکل فنڈ کیلئے 1لاکھ 35ہزار روپے کی امداد دی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ضلع بھر کے غریب اور نادار مستحقین ضلعی بیت المال آفس سے رابطہ کر سکتے ہیں تا کہ انکی مالی امداد کی جاسکے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی وسیم اختر شیخ نے کہا کہ غریب آدمی کا معیار زندگی بلند کرنے اور اسکی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے فوری امداد کے طور پر حکومت کی جانب سے خطیر رقم مختص کی گئی ہے جسے ضلعی بیت المال کمیٹی ایک شفاف اور غیر جانبدار طریقے سے مستحقین کی مالی امداد پر خرچ کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے موجودہ حکومت کے اقدامات قابل ستائش ہیں ۔