ضلعی انتظامیہ ہری پور کو خوبصورت بنانے میں یونیورسٹی آف ہری پور کے طلباء کا تعاون درکار ہے،ایڈیشنل ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی

بدھ 18 اکتوبر 2017 10:51

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2017ء) ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کو یونیورسٹی آف ہری پور کی انتظامیہ نے ملاقات کے دوران اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اے سی ون اور اے سی ٹو ہری پور نے یونیورسٹی آف ہری پور کے ایڈیشنل رجسٹرار ڈاکٹر ظہور احمد سے ملاقات کی جنہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی آف ہری پور کی مختلف سوسائٹیز معاشرہ کی بہتری کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر عدنان جمیل نے اس موقع پر بتایا کہ ڈسٹرکٹ انتظامیہ کی خواہش ہے کہ وہ ہری پور کو خوب صورت بنانے میں یونیورسٹی آف ہری پور کے طلباء و طالبات کے تعاون سے شروعات کرے۔ مینجمنٹ سائنسز کے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر شیراز نے ضلعی انتظامیہ کو بتایا کہ ہماری یونیورسٹی میں درجنوں سوسائٹیز پہلے سے معاشرے کی اصلاح اور بہتری کیلئے مختلف کام کر رہی ہیںلہذا ہمیں خوشی ہو گی کہ ہمارے طلباء و طالبات ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر شہر کو پہلے سے بھی زیادہ خوبصورت بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنر II ڈاکٹر عادل ایوب نے بہتر مینجمنٹ کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا جس پر یونیورسٹی آف ہری پور کے ایڈیشنل ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی محمود احمد نے کہا کہ ہم ضلعی انتظامیہ کو اپنے تجربہ سے استفادہ کرنے کا بھرپور موقع دیں گے۔ ہم جدید سے جدید ٹیکنالوجی شیئر کر کے مسائل میں کمی لانے کیلئے ہر وقت تیار ہیں۔

ڈائریکٹر اوریک ڈاکٹر جہانگیر نے ضلعی انتظامیہ کے افسران کو بتایا کہ انشاء الله بہت جلد ہماری یونیورسٹی دودھ، دہی، تیل اور مختلف روزمرہ اشیاء میں ملاوٹ کی ٹھیک رپورٹ فراہم کرنے کے قابل ہو جائے گی جس سے ملاوٹ میں نمایاں کمی آئے گی۔ یونیورسٹی آف ہری پور کی طرف سے ضلعی انتظامیہ کے لوکل مسائل کے حل اور دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقنی دہانی کروائی گئی۔

متعلقہ عنوان :