آل پارٹیز کانفرنس میں ٹی آئی پی بچائو تحریک کا اعلان، تمام جماعتوں کے 2,2 افراد پر مشتمل کمیٹی قائم کر دی گئی

بدھ 18 اکتوبر 2017 10:51

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2017ء) آل پارٹیز کانفرنس میں سیاسی، مذہبی، مزدور اور تاجر تنظیموں نے ٹیلی فون سازی کے ایشیاء کے سب سے بڑے ادارہ ٹی آئی پی بچائو تحریک کا اعلان کرتے ہوئے تمام جماعتوں کے دو دو افراد پر مشتمل خصوصی کمیٹی قائم کر دی ہے جو آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی۔ اس حوالہ سے پاکستان پیپلز پارٹی ہری پور کے زیراہتمام آل پارٹیز کانفرنس مقامی ہوٹل میں منعقدہوئی جس میں ضلع کی سیاسی و مذہبی جماعتوں، تاجر تنظیم اور چیمبر آف کامرس کے عہدیداران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی پی پی کے اعجاز علی خان درانی، اورنگزیب مغل، مسلم لیگ (ن) کے سجاد خان بگڑہ، جماعت اسلامی کے شاہد محمود گوہر، اے ٹی اے کے قاری احسن قریشی، چیمبر آف کامرس کے صدر حاجی منظور الہی، ٹی آئی پی ورکر یونین کے جنر ل سیکرٹری طاہر جان، اتحاد بین المسلمین کے نیئر عباس جعفری، متحدہ علماء کونسل کے چیئرمین قاضی غلام مجتٰبی، قاضی الفت حسین، پیر سجاد شاہ، عبدالواحد اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آئی پی ایشیاء کا سب سے بڑا ٹیلی فون فیکٹری کا ادارہ تھا جو آج تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے جس کی وجہ سے ہزاروں ملازمین بے روزگار اور ان کے خاندان متاثر ہو رہے ہیں وہاں ہری پور کی معیشت پر بھی برا اثر پڑا ہے اس لئے اے پی سی طلب کر کے اس اہم مسئلہ کی جانب سب کی توجہ مبذول کروائی گئی ہے۔

(جاری ہے)

منتخب ایم این اے اور دیگر نمائندگان کی یہ ذمہ داری تھی لیکن ان کی عدم دلچسپی کی وجہ سے آج اس بات کی ضرورت محسوس کی گئی کہ اگر ہم نے بھی اس مسئلہ کی طرف توجہ نہ دی تو یہ ہری پور کیلئے بڑا نقصان ہو گا۔ تمام رہنمائوں نے ٹی آئی پی کی اپنی پہلی حالت میں بحالی کیلئے تمام جماعتوں اور تنظیموں کے دو دو افراد پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جو آئندہ دنوں میں اس حوالہ سے اہم فیصلے کرے گی۔