تیز رفتار ڈیجیٹلائزیشن کے ایجنڈے پر بھرپور طریقے سے کام کر رہے ہیں،2020ء تک آئی ٹی کی برآمدات 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کے لئے پرعزم ہیں،وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی مواصلات انوشہ رحمان کا پاکستان سافٹ ویئر بورڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں اظہار خیال

بدھ 18 اکتوبر 2017 00:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2017ء) وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی مواصلات انوشہ رحمان نے کہا ہے کہ ہم تیز رفتار ڈیجیٹلائزیشن کے ایجنڈے پر بھرپور طریقے سے کام کر رہے ہیں اور 2020ء تک آئی ٹی کی برآمدات 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کے لئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو پاکستان سافٹ ویئر بورڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وفاقی سیکرٹری آئی ٹی رضوان بشیر خان‘ ممبر آئی ٹی سید رضا علی شاہ‘ ایم ڈی پی ایس ای بی سید افتخار حسین شاہ‘ ممبر ایچ آر ڈی طاہر مشتاق اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ انوشہ رحمان نے کہا کہ ہم یہ بات فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ ہم نے آئی ٹی کی صنعت اور چھوٹے اور درمیان درجے کے کاروبار کے لئے سازگار ماحول پیدا کیا ہے۔

پچھلے چند سالوں کے دوران ہماری آئی ٹی کی ترسیلات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے آئی ٹی کمپنیوں سے کہا کہ سٹیٹ بنک کے مخصوص کردہ ضابطے کے اندر اپنی غیر ملکی ترسیلات کی رپورٹ پیش کریں تاکہ آئی ٹی کی حقیقی برآمدات کا اندازہ لگایا جاسکے۔ اجلاس میں پی ایس ای بی کی بجٹ تجاویز کی بھی منظوری دی گئی۔