ضلع بھر میں تعلیمی اداروں میں سہولیات کو بہتر بنانے کیلئے ایجوکیشن سیکٹر کے 51منصوبوں پرمجموعی طور پر 190ملین روپے خرچ کئے جائیں گے، ڈپٹی کمشنر

بدھ 18 اکتوبر 2017 00:02

سیالکوٹ ۔17اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2017ء)ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر فرخ نوید نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران ضلع بھر میں تعلیمی اداروں میں سہولیات کو بہتر بنانے کیلئے ایجوکیشن سیکٹر کے 51منصوبوں پرمجموعی طور پر 190ملین روپے خرچ کئے جائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایجوکیشن ڈویلپمنٹ پیکج2017-18ء کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں تعلیمی اداروں میں عدم دستیاب سہولیات کی فراہمی کیلئے 28منصوبہ جات کی نشاندہی کی گئی ہے جن کا پی سی ون تیار کرلیا گیا ہے ، انہوں نے بتایاکہ سکولوں میں چاردیواری کی تعمیر ، بجلی ، پانی اور ٹائلٹ بلاک کے تعمیر کے ان منصوبوں پر 46.563ملین روپے خرچ ہونگے ۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ رواں مالی سال کے دوران 24سکولوں کی خطرناک قرار دی گئی عمارتوں کی تعمیر نو کیلئے 117.365ملین روپے لاگت کا تخمینہ ہے۔

(جاری ہے)

تمام پراجیکٹس کا پی سی ون تیار کرلیا گیا ہے اور جلد ٹینڈرنگ کا عمل مکمل کرلیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ مالی سال 2017-18کے دوران 9بوائز و گرلز ہائی سکولوں اور 15ایلیمنٹری سکولوں میں آئی ٹی لیب بنائی جائیں گی ان پراجیکٹس پر 26ملین خرچ ہونگے ۔ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی نے سکولوں میں آئی ٹی لیب کے قیام کے ان منصوبوں کے منظوری دے دی ہے اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر ٹینڈرنگ کا عمل شروع کریں ۔