Live Updates

پی سی بی کراچی میں انٹرنیشنل کرکٹ ٹیموں کے میچز کروانے سے قبل پی ایس ایل کے دو میچزکروائے گا

بدھ 18 اکتوبر 2017 00:01

لاہور۔17 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2017ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کراچی میں انٹرنیشنل کرکٹ ٹیموں کے میچز کروانے سے قبل پی ایس ایل کے دو میچزکروائے گا ،ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی میں غیر ملکی کرکٹ ٹیموں کو آمادہ کرنے کے لئے وہاں پر پی ایس ایل کے میچز کا کامیابی سے انعقاد بہت ضروری ہے، باخبر ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ پی ایس ایل 2018 ء کے دو میچز کراچی میں کرانے کی پلاننگ کررہا ہے، امکان ہے کہ تین میں سے دو پلے آف میچز کراچی میں ہوں گے،ان مقابلوں کیلئے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں تزیئن و آرائشی کا کام جاری ہے، سیکیورٹی معاملات پر بات چیت کیلئے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کراچی پہنچ رہے ہیں جہاں وہ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ اور سیکیورٹی حکام سے ملاقات کریں گے،ذرائع کے مطابق ملاقات میں میچز کی سیکیورٹی پر مقامی پولیس اور رینجرز کے پاک فوج سے اشتراک پر بات کی جائے گی،اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ورلڈ الیون ٹیم کی آمد کے موقع پر ایک میچ کراچی میں کرانے کی خواہش کا اظہار کیا تھا جس پر نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ جلد عالمی کرکٹر ملک کے دیگر شہروں میں بھی کھیلیں گے ،اسی سلسلہ میں کراچی میں پی ایس ایل کے میچز کے انعقاد کے لئے کوششیں جاری ہیں۔

Live پی ایس ایل 9 سے متعلق تازہ ترین معلومات