کیڈٹ کالج کوہلو میں اپوائنمنٹ ہولڈرز کی رینک ویئرنگ کی تقریب کا انعقاد

کیڈٹ کالج بلوچستان اور کوہلو کے علاقے میں ایک نئی روشنی کی علامت بن کر ابھرے گا، مہمان خصوصی

منگل 17 اکتوبر 2017 23:01

کوہلو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 اکتوبر2017ء) کیڈٹ کالج کوہلو میں اپوائنمنٹ ہولڈرز کی رینک ویئرنگ کی تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی بریگیڈیئر محمد قذافی سیکٹر کمانڈر (ایسٹ) ایف سی بلوچستان تھے۔ کمانڈنٹ میوند رائفلزکرنل امجد اور ونگ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل فیصل بھی ان کے ہمراہ تھے۔ پروفیسر ناصر مراد پرنسپل کیڈٹ کالج کوہلو نے بریفنگ دیتے ہوئے کیڈٹس کے روزمرہ کے معمولات، ان کی نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں میںکامیابیوں اور کالج کے مختلف مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔

رینک ویئرنگ کی تقریب کا آغاز کیڈٹ محمد اعجاز نے تلاوت کلام پاک سے کیا سیکٹر کمانڈر اور پرنسپل نے کیڈٹ کیپٹن شاہ وزیر کے علاوہ کیڈٹ سید یاسر شاہ، کمانڈر جناح ہاؤس، کیڈٹ بسم اللہ کمانڈر عمر ہاؤس، کیڈٹ انور شاہ، کمانڈر اقبال کھوسہ اور کیڈٹ محمد طارق کمانڈر حیدر ہاؤس کو رینک لگائے۔

(جاری ہے)

تقریب کے اختتام پر کیڈٹس سے خطاب کرتے ہوئے بریگیڈیئر محمد قذافی نے کہا کہ بلوچستان کے دورافتادہ اور انتہائی پسماندہ علاقے میں کیڈٹ کالج کا قیام خوش آئند ہے میں ان تمام لوگوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے اس کالج کے قیام میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔

خاص طور پر کالج کے پہلے پرنسپل اور ان کے اسٹاف کی کاوشوں کو دیکھتے ہوئے ہم کہہ سکتے ہیں کہ وہ دن دور نہیں جن اس ادارے کا شمار ملک کے بہترین تعلیمی اداروں میں ہوگا۔ مجھے کیڈٹس سے مل کر انتہائی خوشی محسوس ہوئی ہے اور کیڈٹس کو ملکی اور صوبائی سطح پر مختلف مقابلوں میں شمولیت او رکامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ امید ہے کہ کیڈٹ کالج کوہلو نہ صرف ملک بلکہ بلوچستان اور کوہلو کے علاقے میں ایک نئی روشنی کی علامت بن کر ابھرے گا۔

انہوں نے کیڈٹس کو تلقین کی کہ حکومت کی جانب سے دیئے گئے مواقع سے بھرپور استفادہ کریں اور اپنا اور ادارے کا نام روشن کریں۔ اس سلسلے میں سیکیورٹی اداروں کا بھرپور تعاون بھی ادارے کو حاصل ہے۔ تقریب کے اختتام پر پروفیسر ناصر مراد پرنسپل کیڈٹ کالج کوہلو نے مہمان خصوصی کو کالج کی اعزازی شیلڈ اور مختلف سووینئرز پیش کئے۔

متعلقہ عنوان :