واٹربورڈ کے محصولات کی وصولی میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، ڈپٹی ایم ڈی واٹر بورڈ

منگل 17 اکتوبر 2017 23:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 اکتوبر2017ء)واٹربورڈ کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (آرآرجی ،ایچ آر ڈ ی اینڈ اے ) اختر غوری نے کہا ہے کہ واٹربورڈ کے محصولات کی وصولی میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ،واٹربورڈ کے ٹیکس ڈپارٹمنٹ کا عملہ ٹارگیٹ کے حصول کیلئے بھرپورکوششیں کرے ،تمام ترقانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے نادہندگان کی فہرست مرتب کی جائے اور غیر قانونی کنکشن لینے والوں پر کڑی نگاہ رکھیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے واٹربورڈ ضلع شرقی کے دفاتر کے دورے اور مختلف علاقوں کے معائنہ کے دوران کیا ، ان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ایسٹ کے ڈائریکٹر ٹیکس غیاث احمد ،اسٹاف آفیسر فرحت عباس زیدی متعلقہ ڈویژن کے ڈپٹی ڈائریکٹرز اور دیگر افسران بھی تھے ،ڈی ایم ڈی نے ٹیکس ڈپارٹمنٹ کے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹیکس کی وصولی کیلئے دیئے گئے ٹارگیٹ کے حصول کیلئے بھرپورکوششیں کریں ،نئے صارفین کو ٹیکس نیٹ پر لایا جائے اور ان کو پابندی کے ساتھ بل روانہ کیئے جائیںغلط اندراج کو فوراً درست کرلیا جائے ، کثیرالمنزلہ عمارتوں سمیت دیگر بلڈنگوں میں لگے غیر قانونی کنکشن کا سراغ لگایا جائے نادہندگان کی فہرستیں مرتب کی جائیں ،انہوںنے کہا کہ ٹیکس کی وصولی میں کوتاہی اور غفلت کا مظاہرہ کرنے والے خود کو ضابطے کی کارروائی کیلئے تیار رکھیں ،محصولات کی وصولی کیلئے خصوصی مہم چلائی جارہی ہے ، اس کی کامیابی کیلئے ٹیکس ڈپارٹمنٹ کا عملہ سخت محنت کرے، بعدازاں ڈی ایم ڈی نے دیگر متعلقہ افسران کے ساتھ گلشن اقبال ، گلستان جوہر اور اسکیم 33سمیت دیگر علاقوں کا دورہ کیا اور مختلف کثیر المنزلہ عمارتوں ،تجارتی ،کاروباری ، رہائشی بلڈنگوں،ریسٹورانٹ دفاتر کا معائنہ کیا انہوں نے جاری کردہ پانی اور سیوریج بلوں کا معائنہ کیا اور ان عمارتوں میں موجود پانی کے کنکشن کی جانچ پڑتال کی گئی ،ڈی ایم ڈی نے صارفین سے بلوں کی بروقت فراہمی سے متعلق بھی استفسار کیا ۔