وزیر اعلیٰ سندھ سے امریکی کمپنی کے وفد کی ملاقات

کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹ سے ہونے والے اخراج کو اسٹور کرکے اس میں سے مختلف کیمیکل تیار کرنے کی ٹیکنالوجی پر گفتگو کی گئی

منگل 17 اکتوبر 2017 22:59

وزیر اعلیٰ سندھ سے امریکی کمپنی کے وفد کی ملاقات
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 اکتوبر2017ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے منگل کو ایک امریکی کمپنی کے وفد نے ملاقات کی،مشترکہ طورپر ایک نئی ٹیکنالوجی جس کا نام ’کول ٹو کیمیکل‘ ہے جس سے استعمال شدہ کوئلے سے مختلف کیمیکل تیار کئے جا تے ہیں۔وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات کرنے والے وفد میں فرنانڈو الواریز چیئرمین لوامیشن ریسورسز کارپوریشن (ایل ای آر سی)، منیر اکرم چیئرمین گورن ٹیزی گروپ، ڈیرن پرسن سی ایف او ، ایل ای ائور سی،روس جیرسن ڈائریکٹر ایل ای آر سی،زید شیخ گورن ٹیزی گروپ(پاکستان)، تنویر زیدی سی ای او ری ٹیک،سید اعظم علی ڈائریکٹر ری ٹیک۔

جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ کی معاونت ، وزیر اعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت ، سیکریٹری انرجی آغا واصف ،خورشید جمالی اور سی ای او ’ایس ای سی ایم سی‘ شمس الدین شیخ نے کی۔

(جاری ہے)

کمپنی کے ماہرین نے وزیرا علیٰ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے سائنسدانوں نے ’’کول ٹو کیمیکل‘‘ کے نام سے ایک نئی ٹیکنالوجی متعارف کرائی ہے جس کے تحت کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹ سے ہونے والے اخراج کو اسٹور کرکے اس میں سے مختلف کیمیکل تیار کئے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی تھر میں کوئلے سے چلنے والیپاور پلانٹ میں استعمال اور تیار ہوسکتی ہے اور سب سے بڑھ کر یہ کہ یہ ماحول کے حوالے سے محفوظ ہے حالانکہ کوئلے کے جلنے کے بعد اس سے حاصل ہونے والا مادہ کچرا میں جاتا ہے وہ جو کہ ماحول کے لئے بھی صحیح نہیں ہے لہٰذا اسے امونیا،مینتھول اور پانی کی تیاری کے لئے استعمال کیاجاسکتاہے اور تجارتی طورپر بھی کوئلے سے چلنے والے پاور پروجیکٹس کے حوالے سے یہ بہت بڑی فائدے مند چیز ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے وفد سے کہا کہ وہ تھر کے کوئلے کی کانوں اور علاقے کا دورہ کریں اور اپنے تجربے یا لیب ٹیسٹ کے ساتھ اپنی بات کا ثبوت صوبائی حکومت کودیں اگر تجربہ کامیاب ہوتاہے تو صوبائی حکومت اٴْن کے ساتھ ایک پائلٹ پروجیکٹ پر کام کرے گی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے سیکریٹری انرجی ا?غا واصف کو ہدایت کی کہ وہ دورہ کرنے والے وفد کے ساتھ رابطہ کرکے ان سے ان کے اس تصور کا ثبوت حاصل کریں تاکہ ضروری کارروائی کی جاسکے۔