پنجاب حکومت اور ترکی کی بین الاقوامی ڈرلنگ کمپنی کے مابین چنیوٹ میں خام لوہے کے ذخائر کے دوسرے مرحلے کا معاہدہ

معاہدے کے تحت ترکی کی ڈرلنگ کمپنی چنیوٹ میں قدرتی ذخائر کی ڈرلنگ کا کام کرے گی ، کام 8ماہ میں مکمل ہو گا چنیوٹ میں 4،5برس قبل ملنے والے خام لوہے کے ذخائر کے تخمینہ جات لگانے کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکاہے، محمدشہباز شریف 6-7 میں اس وقت کی حکومت نے چنیوٹ کے قومی وسائل پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی،ایک امریکی کمپنی کو فراڈ کے ذریعے قدرتی ذخائر کا ٹھیکہ دیا گیا عدالت عظمی اور عدالت عالیہ نے بھی اس معاہدہ کو فراڈقراردیا، اس حوالے سے قانونی لڑائی حکومت پنجاب اور پنجاب کے عوام نے جیتی میری کوشش ہے کہ عوام اس خزانے سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور عوام کے چہرئوں پر خوشیاں لائی جائیں،وزیر اعلی

منگل 17 اکتوبر 2017 22:42

پنجاب حکومت اور ترکی کی بین الاقوامی ڈرلنگ کمپنی کے مابین چنیوٹ میں ..
لاہور۔17 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2017ء) پنجاب حکومت اور ترکی کی بین الاقوامی ڈرلنگ کمپنی کے مابین چنیوٹ میں خام لوہے کے ذخائر کے دوسرے مرحلے کے حوالے سے معاہدے پر دستخط ہوئے،معاہدے کے تحت ترکی کی ڈرلنگ کمپنی چنیوٹ میں قدرتی ذخائر کی ڈرلنگ کا کام کرے گی اور کام کا آغاز اگلے ماہ سے شروع ہوگا جو 8ماہ میں مکمل کیا جائے گا، ماڈل ٹائون میں منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف تھے،پنجاب حکومت کی جانب سے سیکرٹری محکمہ معدنیات ڈاکٹر ارشد محمود اور ترکش ڈرلنگ کمپنی کے پراجیکٹ ٹیم لیڈرسارپ آئیکن نے معاہدے پر دستخط کئے،وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ چنیوٹ میں 4،5برس قبل ملنے والے خام لوہے کے ذخائر کے تخمینہ جات لگانے کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکاہے جبکہ پہلے مرحلے کی بینک کو قابل قبول فیزیبلٹی مکمل ہونے والی ہے ، پہلے مرحلے کے تخمینہ جات کے مطابق چنیوٹ میں زیر زمین 15کروڑ ٹن خام لوہے کے ذخائر موجود ہیں اوراس علاقے میں مزیداور مقامات پر بھی قدرتی ذخائر کی موجودگی کی نشاندہی ہوئی ہے، ان ذخائر کا تخمینہ لگانے کے حوالے سے آج دوسرے مرحلے کا معاہدہ طے پایاہے ، انہوں نے کہا کہ محکمہ معدنیات حکومت پنجاب او رترکش کمپنی میں طے پایا جانے والے معاہدہ خوش آئند ہے ، انہوں نے کہا کہ ان قدرتی وسائل کے تخمینہ جات لگانے کا کام 8ماہ میں مکمل ہوجائے گا، دوسرا مرحلہ عوامی ترقی او رخوشحالی کے حوالے سے اہمیت کا حامل ہے اور رپورٹ کی روشنی میں ہم عملی اقدامات کر کے زمین میں چھپے خزانے کو استعمال میں لا سکیں گے ،وزیر اعلی نے کہا کہ2006-7 میں اس وقت کی حکومت نے چنیوٹ کے قومی وسائل پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی،ایک امریکی کمپنی کو فراڈ کے ذریعے قدرتی ذخائر کا ٹھیکہ دیا گیا،ہماری حکومت آئی تو میں نے اس فراڈ معاہدے کو منسوخ کیا ،اس وقت کی حکومت نے اس منصوبے کو کوڑیوں کے بھائوں من پسند کمپنی کو دیا،عدالت عظمی اور عدالت عالیہ نے بھی قرار دیا کہ یہ معاہدہ فراڈ تھا اور اس حوالے سے قانونی لڑائی بھی حکومت پنجاب اور پنجاب کے عوام نے جیتی،انہوں نے کہا کہ اس وقت کے پنجاب کے حکمرانو ں نے خزانے کو لوٹنے اور لٹانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی،امید ہے کہ اب اس منصوبے پر تیزی سے کام ہوگا اور اسے مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا،میری کوشش ہے کہ عوام اس خزانے سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور عوام کے چہرئوں پر خوشیاں لائی جائیں،انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت قومی اثاثوں کی حفاظت امین بن کر رہی ہے ،وسائل کی پائی پائی غریب عوام پر خرچ کی جا رہی ہے ،دکھی انسانیت اورغریب عوام کی خدمت کے لئے ہر طرح کے وسائل ان کے قدموں تلے نچھاور کریں گے ، انہوں نے کہا کہ شبانہ روز محنت کر کے مشکل کو آسانیوں میں بدلناہے ، وزیر اعلی نے کہا کہ یہ معاہدہ انتہائی شفاف طریقے سے طے پایا ہے،میں ترکش کمپنی ،جرمن ماہرین ،صوبائی وزیر معدنیات چودھری شیر علی خان، صوبائی وزیر قانو ن رانا ثناء ا للہ ، سیکرٹری معدنیات اور متعلقہ حکام کو شاندار کام کرنے پر مبادکباد پیش کرتا ہوں،صوبائی وزیر معدنیات چودھری شیر علی خان، سیکرٹری ماحولیات،سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات، ترکش ڈرلنگ کمپنی کے جرمن ماہرین اور اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھی-