نیشنل ایکشن پلان انتہاء پسندی سے لڑنے کا اہم جزو ہے ‘ ہمارا عہد ہے کہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے ‘ ہمیں اپنی کمزوریوں پرنظر رکھتے ہوئے اپنی طاقت اور کامیابیوںپر فخرکرنا ہو گا‘وطن کی سرحدوں کی حفاظت دین و دنیا میں فلاح کی ضمانت ہے ،

آج دہشت گرد محاصرے میں ہیں اوران کو چن چن کر ختم کر رہے ہیں، جب تک دہشت گردی ختم نہیں ہو جا تی چین سے نہیں بیٹھیں گے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کامنڈی بہاؤ الدین میں رینجر زکی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب

منگل 17 اکتوبر 2017 22:34

نیشنل ایکشن پلان انتہاء پسندی سے لڑنے کا اہم جزو ہے ‘ ہمارا عہد ہے کہ ..
لاہور۔17 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2017ء) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان انتہاء پسندی سے لڑنے کا اہم جزو ہے ‘ ہمارا عہد ہے کہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے ‘ ہمیں اپنی کمزوریوں پرنظر رکھتے ہوئے اپنی طاقت اور کامیابیوںپر فخرکرنا ہو گا‘وطن کی سرحدوں کی حفاظت دین و دنیا میں فلاح کی ضمانت ہے ،آج دہشت گرد محاصرے میں ہیں اوران کو چن چن کر ختم کر رہے ہیں، جب تک دہشت گردی ختم نہیں ہو جا تی چین سے نہیں بیٹھیں گے، وہ منگل کے روز منڈی بہاؤ الدین میں رینجرز کی پاسنگ آؤٹ تقریب کے موقع پر تربیت مکمل کرنے والے ریکروٹس سے خطاب کر رہے تھے ، وزیر داخلہ نے نئے ریکروٹس کو بنیادی تربیت مکمل کرنے اور پنجاب رینجرز میں شمولیت اختیار کرنے پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے بنیادی تعلیم مکمل کر لی ہے لیکن آپ کی تربیت کا عمل ہمیشہ جاری رہے گا، انہوں نے کہا کہ رینجرز پاکستان کے دفاع میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے ‘ نیشنل ایکشن پلان انتہا پسندی سے لڑنے کا اہم جزو ہے ،ہمارا عہد ہے کہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے اور پاکستان کو چٹان کی طرح مضبوط بنائیں گے ، انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی کمزوریوں پر نظر رکھتے ہوئے اپنی طاقت اور کامیابیوں پر فخر کرنا ہو گا ‘ ملک کی سرحدوں کی حفاظت کیلئے جاگنے والی آنکھ اللہ تعالیٰ کی پسندیدہ ہوتی ہے، انہوں نے کہا کہ ہم نے قائد اعظم کے تین رہنماء اصول ایمان‘ اتحاد ‘ تنظیم کو بھلا دیا ہے اور آج ہمیں قائد اعظم کے ان رہنما اصولوں پر کاربند رہنے کا عزم کرنا چا ہیے، انہوں نے کہا کہ اس قوم کو کوئی شکست نہیں دے سکتاجس کے پاس شہید کیپٹن حسنین نواز جیسے سپاہی ہوں ‘ شہید کیپٹن حسنین نوازنے اپنے فرائض سے بڑھ کر قربانی دی اور ایک اعلیٰ مثال قائم کی ،انہوں نے جوانوںسے مخاطب ہوتے کہاکہ آپ نے سبز ہلالی پرچم کو ہمیشہ سر بلند رکھنا ہے اور یہ عزم کرنا ہے کہ ملک کی خود مختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے ، وطن کی سرحدوں کی حفاظت دین و دنیا میں فلاح کی ضمانت ہے ‘ آپ خوش قسمت ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو اس فرض سے عہدہ برآء ہونے کاموقع دیا، انہوں نے کہا کہ گزشتہ 4برسوں میں ہم نے دہشت گردی کو شکست دی ، اندھیروں کو مٹایا ‘ معیشت میں بہتری لائی اور اب پاکستان کو ایشیاء کا ٹائیگر بنانا ہے ، انہوں نے کہا کہ ترقی کیلئے امن و استحکام لازمی ہیں اور قومی یکجہتی ‘ اخوت ‘ یقین اور نظم و ضبط سے ہر سازش کو ناکام بنایا جا سکتا ہے ، انہوں نے کہا کہ سی پیک کے منصوبے پاکستان سمیت خطے کیلئے خوشحالی اور ترقی کا پیش خیمہ ہونگے ‘ دشمن کی ناپاک نظریں سی پیک منصوبہ پر ہیں مگر انہیں ان کے ناپاک ارادوں میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیںگے ، سی پیک منصوبہ ہر حال میں مکمل ہونا چاہئے اور منصوبہ کی ہر طرف سے حفاظت کریں گے، پاک چین اقتصادی راہ داری منصوبہ خطے میں ایک نئی تاریخ رقم کرے گا،وزیر داخلہ نے کہا کہ 4سال پہلے پاکستان کو اچھی نظر سے نہیں دیکھا جاتا تھالیکن اب ملک کو سب سے تیز ترقی کرنے والے ملک کی طرح دیکھا جاتا ہے۔