صارفین کا فون نہ سننے والے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی، گیپکو چیف

منگل 17 اکتوبر 2017 22:32

گوجرانوالہ۔17 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2017ء)گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) کے چیف ایگزیکٹو محمد زاہد سلیم نے کہاہے کہ صارفین کا فون نہ سننے والے ایس ڈی اوز کے خلاف کارروائی کی جائے گی، لائنوں پر کام کے دوران سیفٹی اصولوں میں کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، ان خیالات کا اظہار انہوںسٹی سرکل، کینٹ سرکل، گجرات سرکل اور سیالکوٹ سرکل آفسز کی علیحدہ علیحدہ انسپیکشن کے دوران افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر چیف انجینئرز جنید اختر ،غضنفر عباس رضوی ، محمد ریاض،ایس ای سٹی زاہد جاوید،ایس ای کینٹ عبدالرزاق، ایس ای گجرات ارشد منیر، ایس ای سیالکوٹ پرویز اقبال، ڈپٹی مینجرز میاں محمد عرفان، آصف قریشی، محمد جہانگیر رانا ، چاروںسرکلز کے ایکسیئنز ، ایس ڈی اوز ، ریونیو آفیسرز و دیگر افسران بھی موجود تھے،چیف ایگزیکٹو محمد زاہد سلیم نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ سیٹ پر بیٹھ کر صارفین کیلئے آسانیاں پیدا کریں ، عوام کے ساتھ اپنا رویہ شائستہ رکھیں اور جو کوئی آپ کے پاس آئے اس کا جائز مسئلہ حل کرنے کی بھرپور کوشش کریں۔