ْڈپٹی کمشنر فیصل آباد کی ضلعی محکموں کے افسران کو لوگوں کے مسائل تیزی سے حل کرنے کی ہدیت

منگل 17 اکتوبر 2017 22:26

فیصل آباد ۔17 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2017ء)ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے ضلعی محکموں کے افسران کو حکم دیا ہے کہ وہ لوگوں کے مسائل تیزی سے حل کرنے پر خصوصی توجہ دیں اس ضمن میں محکمانہ سروسز کے معیار میں مزید اضافہ کیا جائے تاکہ شہریوں کا ان پر اعتماد مضبوط ہو۔انہوں نے یہ حکم اپنے دفتر میں کھلی کچہری کے دوران لوگوں کی شکایات/مسائل سنتے ہوئے جاری کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے مسائل کے حل کے لئے لوگوں کی درخواستوں پر احکامات جاری کئے اور بعض افسران کو بلاکر مسائل کے حل میں تاخیر سے متعلق دریافت کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تعلیم،صحت،مواصلات،واٹر سپلائی،سیوریج اور دیگر شعبوں کی محکمانہ سروسز کے فوائد عام شہری تک پہنچنے چاہیں اور تمام متعلقہ محکمے مربوط حکمت عملی کے تحت فرائض انجام دیں اور ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈالنے کی بجائے باہمی تعاون سے شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے۔

انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تحصیلوں میں لوگوں سے رابطہ بڑھائیں اور دفاتر میں ملاقات کو اپنا شعار بنائیں تاکہ انہیں ضلعی ہیڈ کوارٹر نہ آنا پڑے ۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کی شکایات فوری حل کرنے کی کوشش کی جائے تاکہ انہیں بار بار دفاتر کے چکر نہ لگانا پڑیں ۔