فیصل آباد، سمندرپار پاکستانیوں کے مسائل کا جلد از جلد حل ترجیح ہے، افضال بھٹی

منگل 17 اکتوبر 2017 22:26

فیصل آباد ۔17 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2017ء)کمشنر اوورسیز پاکستانیز کمشن پنجاب افضال بھٹی نے کہا ہے کہ فیصل آباد ڈویژن میں سمندرپار پاکستانیوں کی شکایات کے حل کی شرح حوصلہ افزاء ہے جو ڈویژنل،ضلعی اور پولیس انتظامیہ کی بھرپور محنت کا مظہر ہے۔انہوں نے یہ بات کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں ڈویژن بھر میں اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے حل کی پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔

ڈویژنل کمشنر مومن آغا،آر پی او بلال صدیق کمیانہ،چیئرمین اوورسیز کمیٹی/ایم پی اے آزاد علی تبسم،ایڈیشنل ڈی جی او پی سی ڈی آئی جی آغا یوسف،ڈپٹی کمشنرز سلمان غنی،مدثر ریاض ملک،ایوب خاں،کاشف محمد علی،سی پی او اطہر اسماعیل،ڈی پی اوز لیاقت علی،عثمان اکرم گوندل،مستنصر فیروز،ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن مہر شفقت اللہ مشتاق،اے ڈی سی آر محمد شاہد،ممبر کمیٹی ڈاکٹر وسیم نواز اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

کمشنر اوورسیز نے کہا کہ کمشن کے قیام کا مقصد تارکین وطن کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے اور اس ضمن میں اب تک ہزاروں شکایات نپٹائی جاچکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ اوورسیز کمیٹیز کے اجلاس مہینے میں دو بار منعقد کرکے درخواستوں کا تفصیلی جائزہ لیں اور اس ضمن میں جاری ہونے والی کارروائی کو باقاعدگی سے کمشن کے ویب کمپلنٹ پورٹل پر اپ لوڈ کیا جائے۔

ڈویژنل کمشنر مومن آغا نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ریلیف کی فراہمی اور ان کی درخواستیں تیز رفتاری سے نمٹانے کیلئے متعلقہ محکمے متحرک ہیں اور اب تک موصولہ 507 درخواستوں میں سے 245 درخواستیں نمٹادی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ریونیو،پولیس اور دیگر محکموں سے متعلقہ بقیہ درخواستوں پر تیز رفتار کارروائی جاری ہے۔چیئرمین/ایم پی اے نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مقامی سطح پر درپیش شکایات کی دادرسی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے تاکہ وہ سکون اور آسودہ ذہن کے ساتھ محنت کرسکیں۔اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر نے شکایات و مسائل پر مبنی درخواستوں کی کارروائی رپورٹ سے آگاہ کیا۔