فیصل آباد، شعبہ انٹومالوجی میں بی ایس سی و ایم ایس سی کے طلبہ کی استقبالیہ تقریب

منگل 17 اکتوبر 2017 22:26

فیصل آباد ۔17 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2017ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے شعبہ انٹومالوجی میں بی ایس سی (آنرز) پانچویں اور ایم ایس سی (آنرز) فرسٹ سمیسٹر کے طلبہ کی استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیاجس کے مہمان خصوصی یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اقبال ظفر جبکہ ڈین کلیہ زراعت ڈاکٹر محمد امجد اولکھ مہمان اعزاز کے طو رپر شریک ہوئے،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلرڈاکٹر محمد اقبال ظفر نے کہا کہ ہر سال زرعی اجناس‘ پھل اور سبزیوں پر کیڑوں و نقصان دہ حشریات کے حملے سے اربوں روپے کانقصان ہورہا ہے جس کی روک تھام کیلئے انٹومالوجی کے ماہرین کی خدمات انتہائی اہم ہیں، انہوں نے کہا کہ کپاس پاکستانی برآمدات کی اہم ترین فصل ہے جس پر گلابی سنڈی اور سفید مکھی کے حملوں کی وجہ سے ہر سال کسانوں کو اربوں روپے کانقصان اٹھانا پڑتا ہے ، انہوں نے انٹومالوجی کے ماہرین کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب ایگریکلچرل ریسرچ بورڈ کی طرف سے 7کروڑ روپے کے تحقیقاتی منصوبے کے نتیجہ میں ایسی حکمت عملی متعارف کروانے میں ضرور کامیاب ہوجائیں گے جس سے نقصان کی شرح کو قابومیں لانے کا راستہ ہموار ہوگا، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شعبہ انٹومالوجی کو انسٹی ٹیوٹ کا درجہ دلانے کیلئے یونیورسٹی کی مجاز اتھارٹی سے منظوری جلد حاصل کر لی جائیگی، ڈین کلیہ زراعت ڈاکٹر محمد امجد اولکھ نے کہا کہ انٹومالوجی کے ماہرین صوبائی سطح پر ڈینگی کنٹرول پروگرام میں قائدانہ کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ محکمہ زراعت میں زرعی ادویات کے معیار میں بہتری کیلئے ان کی خدمات لائق تحسین ہیں، چیئرمین شعبہ انٹومالوجی ڈاکٹر محمد جلال عارف نے کہا کہ ان کی ٹیم کپاس کے جملہ مسائل کو حل کرنے کے ساتھ ساتھ پیسٹی سائیڈ انڈسٹری کے ساتھ بھی پیشہ وارانہ تعاون کو فروغ دے رہی ہے، اس موقع پر ڈاکٹر منصور الحسن ساہی اور نمائندہ طلبہ نے بھی خطاب کیا، تقریب میں مختلف دلچسپ خاکوں کے ذریعے ہائر ایجوکیشن کمیشن کی طرف سے اعلیٰ تعلیم کیلئے یونیورسٹی طلبہ کو دی جانیوالی معاونت کی بھی بھرپور عکاسی کی گئی۔

متعلقہ عنوان :