شہری مسائل ہو ں یا شہر کی تعمیر و ترقی ،ارکان کونسل بلدیہ نے ہمیشہ باہمی مشاورت سے معاملات کو طے کر کے اپنا بھرپور کردار نبھایا، میئر حیدرآباد

منگل 17 اکتوبر 2017 22:11

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2017ء))مئیر و کنوینئر سید طیب حسین نے کہا ہے کہ شہری مسائل ہو ں یا شہر کی تعمیر و ترقی ارکان کونسل بلدیہ نے ہمیشہ باہمی مشاورت سے معاملات کو طے کر کے اپنا بھرپور کردار نبھایا ہے اور عوامی نمائندگی کا حق ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کونسل کے عمومی اجلاس کے دوسرے روز اپنی رولنگ کے دوران کیا، میئر سید طیب حسین نے کہا کہ ہم سب کی اولین ذمہ داری صحت و صفائی ہے ہم کچرا اٹھوا کر یہ یقین دلادیں کہ شہر صفائی کی طرف جارہا ہے تو سب دعا ئیں دینگے،ہماری نیت اچھی ہوگی تو کامیابی بھی یقینی ہوگی،انہوں نے کہا کہ کیٹل کالونی سے شروعات کی ہے،شہر ی آبادی سے بھینسوں کے باڑے،غیر قانونی مزبحہ خانے کیٹل کالونی ٹنڈو محمد خان روڈ منتقل کیئے جا رہے ہیں،ان شاء اللہ بہتری آئے گی اور جلد شہریوں کو صاف ستھرا ماحول میسر آئے گا، کونسل ممبر اعزاز حسین کے ڈائریکٹر پارکس اور کھیلوں کے گرائونڈ کے حوالے سے نجمی سوالات آئندہ اجلاس تک موخر کردیئے گئے، کیٹل کالونی و جدید سلاٹر ہائوس ٹنڈو محمد خان روڈ کا معاملہ ڈائریکٹر کیٹل کالونی ڈاکٹر عارف جہیجو نے ایوان میں پیش کیاجسے ارکان کونسل نے بحث کے بعد منظور کرلیا، جاوید جبار،سہیل احمد،مہوش،شیخ محمد یعقوب،ڈاکٹر عباد،رانا ناہید اور دیگر ارکان نے بحث میں حصہ لیا،بعد ازاں مئیر و کنویئنر سید طیب حسین نے اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا۔