بی این پی عوامی کی مرکزی کونسل سیشن کا انعقاد مصنوعی سیاستدانوں کی سیاست کو دفن کردے گا

منگل 17 اکتوبر 2017 21:30

دالبندین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 اکتوبر2017ء)بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے رہنماء ظاہر شہزادنوتیزئی نے بی این پی عوامی کے مرکزی کونسل سیشن کے انعقاد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ پارٹی کے گڑھ پنجگور میں تاریخی کونسل سیشن مصنوعی سیاستدانوں اور موقع پرستوں کا سیاست دفن کر دے گی ،بی این پی عوامی بلوچستان کے عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے جس کے قائدین بالخصوص اسد بلوچ نے عوام کی خلوص دل سے خدمت کرکے لوگوں کے دل جیت لیئے۔

انہوںنے اپنے بیان میں کہا کہ بی این پی عوامی نے ہمیشہ بلوچستان کے عوام کی حقوق اور ساحل و وسائل کیلئے جدوجہدکرکے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا اسی لیے 2013 میں بی این پی عوامی کا راستہ روک کر بلوچستان کے عوام پر مصنوعی قیادت مسلط کی گئی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ تخت لاہور کا طواف کرنے والے چند کاسہ لیس مخصوص ایجنڈے کے تحت بی این پی عوامی کے خلاف منفی پروپیگنڈا کررہے ہیں انھیں پتہ ہونا چاہیے کہ اصل قوت عوام کی ہوتی ہے جس کا مظاہرہ وہ2018 میں ضرور دیکھ لیں گے ۔

انہوںنے کہا کہ بین این پی عوامی کا کونسل سیشن بلوچستان کی سیاسی تاریخ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی ۔ انہوںنے کہا کہ کونسل سیشن کے بعد پارٹی کو صوبہ بھر سمیت ضلع چاغی میں بھی مزید فعال بناکر پارٹی پیغام گھر گھر تک پہنچایا جائے گا۔