آئی جی سندھ کی زیر صدارت چہلم امام حسینؓ کے موقع پر سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد

اہلسنت واہل تشیع کے علماء ذاکرین پر مشتمل 34 رکنی وفد نے اے ڈی خواجہ سے ملاقات کی، سیکورٹی اقدامات پر اطمینان کا اظہار

منگل 17 اکتوبر 2017 21:29

آئی جی سندھ کی زیر صدارت چہلم امام حسینؓ کے موقع پر سیکورٹی انتظامات ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 اکتوبر2017ء) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ سے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں عاشورہ محرم کی طرز پر ہی چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر سیکیورٹی اقدامات کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس میں اہلسنت واہل تشیع علماء وذاکرین پر مشتمل ایک 34 رکنی وفد نے ملاقات کی۔وفد کی قیادت بالترتیب قاری عثمان اور علامہ عباس کمیلی کررہے تھے ۔

وفد کے اراکین نے یکم تا دس محرم کے موقع پر پولیس کی جانب سے اختیارکردہ مجموعی سیکیورٹی اقدامات پر اپنے مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور پولیس کو مشترکہ طورپر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سراہا اور تعریف کی۔اس موقع پر وفد نے یہ یقین دلایاکہ وہ آپس میں محبت اخوت اوربھائی چارگی کے ساتھ رہیں گے اور باہمی روابط کو مذید تقویت دیتے ہوئے صوبائی سطح پر بین المسالک،مکاتب ہم آہنگی کے فروغ جیسے اقدامات کو اسکی روح کے مطابق ناصرف انفرادی بلکہ اجتماعی کاوشوں سے بھی یقینی بنائیں گے ۔

(جاری ہے)

آئی جی سندھ نے تمام ڈی آئی جیز کو ہدایات دیں کہ عاشورہ محرم کے سیکیورٹی اقدامات کو پیش نظر رکھ کر چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر مجموعی جلوسوں،مرکزی جلوس، مجالس ودیگر اجتماعات کی سیکیورٹی کو بھی انتہائی ٹھوس اور فول پروف بنایا جائے اور اس حوالے سے رینجرز سندھ وقانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں،انٹیلی جینس ایجینسیوں سے مربوط روابط پر خصوصی فوکس رکھا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ محرم ضابطہ اخلاق کی ترتیب کے حوالے سے تمام کمشنرز،ڈپٹی کمشنرز سے صوبائی سطح پر مختلف مکاتب فکر کے علماء وذاکرین کی مشاورت کے عمل کو ناصرف یقینی بنایا جائے بلکہ اس حوالے سے ضلعی سطح انہیں ماہ ذی الحج میں ہی مکتوب بھی ارسال کردیئے جائیں۔انہوں نے ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ کو ہدایات دیں کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی افرادی قوت اور دستیاب آلات کا از سر نو جائزہ لیکر باقاعدہ سفارشات برائے ملاحظہ ارسال کی جائے تاکہ درکار افرادی قوت اور آلات کے حوالے سے تمام تر ممکنہ اقدامات کیئے جاسکیں۔

انہوں نے اجلاس کے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں لوگوں کے ساتھ احسن سلوک اور برتاؤ جیسے عمل کو ہر سطح پر فروغ دینا ہوگا اور انفرادی اور اجتماعی سطح پر صبروتحمل اور قوت برداشت کو مذید تقویت دینا ہوگی جوکہ بلاشبہ حقیقی امن وخوشحالی کے متقاضی ہیں۔اجلاس کے اختتام پر وفد کے شرکاء نے ملک وقوم کی ترقی خوشحالی اور سا لمیت کی مشترکہ طور پر دعا کی۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی،ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ ڈاکٹر ولی اللہ دل،زونل ڈی آئی جیز کراچی سمیت سندھ کی دیگر پولیس رینج کے ڈی آئی جیز نے شرکت کی۔#

متعلقہ عنوان :