وزیراعلیٰ پنجاب حسنِ قرأت و نعت خوانی مقابلوںمیں پوزیشن ہولڈرز میں انعا مات تقسیم کر نے کی تقریب

قرأت و نعت خوانی مقابلہ جات سے دین اسلام کا حقیقی پیغام نوجوان نسل تک پہنچ رہا ہے، سید رضا علی گیلانی

منگل 17 اکتوبر 2017 21:15

وزیراعلیٰ پنجاب حسنِ قرأت و نعت خوانی مقابلوںمیں پوزیشن ہولڈرز میں ..
لاہور۔17 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2017ء) محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب کے زیر انتظام وزیراعلیٰ پنجاب حسنِ قرأت و نعت خوانی مقابلہ جات میں صوبہ کی سطح پر پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کیلئے ایوان اقبال لاہور میں پروقار تقریب تقسیم انعامات کا انعقادکیا گیا، تقریب میں صوبہ کی سطح پر نعت و قرات کے مقابلہ جات میں طلبہ و طالبات کو الگ الگ سیکنڈری سکول، کالج اور یونیورسٹی کی سطح پر پوزیشنز حاصل کرنے پر انعامات دیئے گئے، اول ، دوم اور سوم پوزیشن پر بالترتیب ایک لاکھ، 75ہزار اور 50ہزار روپے انعام میں دیے گئے، محکمہ ہائر ایجوکیشن نے صوبہ بھر میں ضلع، ڈویژن اور صوبہ کی سطح پر 22کروڑ روپے کی خطیر رقم ہم نصابی سرگرمیوں میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں تقسیم کیے ہیں،تقریب میں وزیر ہائر ایجوکیشن پنجاب سید رضا علی گیلانی ، صوبائی وزیر منشاء اللہ بٹ، ممبران قومی و صوبائی اسمبلی، سیکرٹریز ، پنجاب کے مختلف تعلیمی بورڈز کے چیئرمین، مختلف نجی و سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز، تعلیم کے شعبے سے وابستہ اہم شخصیات اور اساتذہ و طلباء کی بڑی تعدادنے شرکت کی،وزیر ہائر ایجوکیشن پنجاب سید رضا علی گیلانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب حسنِ قرأت و نعت خوانی مقابلہ جات سے طلباء میں مثبت ہم نصابی سرکرمیوں کو فروغ دینے میں مدد مل رہی ہے، انہوں نے کہا کہ ان مقابلہ جات سے دین اسلام کا حقیقی پیغام نوجوان نسل تک پہنچ رہا ہے، سید رضا علی گیلانی نے کہا کہ پاکستانی نوجوان دنیا بھر کے نوجوانوں سے زیادہ قابل اور محنتی ہیں، انہی نوجوانوں کی بنیاد پر پاکستان اقوام عالم میں اپنا مقام بنائے گا، انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے ہر سال وزیراعلیٰ حسنِ قرأت و نعت خوانی مقابلہ جات کے ساتھ ساتھ تقاریر و مضامین کے مقابلے منعقد کروارہی ہے جس سے نوجوانوں میں مثبت و تعمیری سرگرمیوں کو فروغ دینے میں مدد مل رہی ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارے طلباء کے ساتھ ساتھ ان کے والدین اور اساتذہ بھی مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے ان کی اتنی اچھی تربیت کی،انہوں نے کہا کہ ہمارا دین اور وطن ہماری پہچان ہے جس پر فخر ہونا چاہیے۔