عہدوں کی قطعاً کوئی لالچ نہیں، والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ بابر نواز خان

منگل 17 اکتوبر 2017 21:15

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2017ء)رکن قومی اسمبلی بابر نواز خان نے کہا ہے کہ انہیں عہدوں اور کرسیوں کی قطعاً کوئی لالچ نہیں ہے، وہ اور ان کے چچا گوہر نواز خان اور قائد عوام شہید اختر نواز خان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ضلع ہری پور میں عوامی خدمت اور تعمیر و ترقی کی سیاست کو آگے بڑھا رہے ہیں، دہائیوں تک ہری پور کے عوام کو ووٹ ڈالنے والے محکوم و محروم ہیں، بے بس اور بے اختیار سمجھنے والوں کی سیاست کا خاتمہ ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

وہ یہاں اپنی رہائش گاہ پر ایک وفد سے بات چیت کر رہے تھے۔ رکن قومی اسمبلی بابر نوازخان نے کہا کہ ہم نے اپنے انتخابی وعدے کو عملی شکل دیتے ہوئے این اے 19- میں بجلی و گیس کے منصوبوں کیلئے اربوں روپے کے فنڈز حاصل کئے ہیں، متعدد منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے، حویلیوں اور محلات میں بیٹھ کر سیاست کرنے والوں کا دور ہمیشہ ہمیشہ کیلئے گذر چکا ہے، لوگ ان لوگوں کے چہروں کو اچھی طرح پہچان چکے ہیں اور وہ اب کبھی بھی ان کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔