عوام کی خدمت پہلے بھی مقصد تھا، آئندہ بھی اسی جذبہ کے تحت کام کرتے رہیں گے، اعجاز خان درانی

منگل 17 اکتوبر 2017 21:14

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2017ء) سابق صوبائی وزیر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اعجاز خان درانی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی ہر چھوٹے و بڑے اور امیر و غریب سب کی جماعت ہے جو پاکستان کی ترقی چاہتی ہے، شہید بھٹو نے غریب عوام کو جینے کا نیا ڈھنگ سکھایا۔ وہ منگل کو میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت پہلے بھی ان کا مقصد حیات رہا ہے اور آئندہ بھی اسی جذبہ کے تحت کام کرتے رہیں گے، مختصر عرصہ میں اپنے علاقہ کے عوام کیلئے تاریخی پراجیکٹ لائے ہیں، مستقبل میں بھی موقع ملا تو اپنے علاقہ کی قسمت بدلنے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے، پاکستان پیپلز پارٹی چاروں صوبوں کی جماعت ہے، باقی جماعتیں کسی خاص صوبہ یا علاقہ اور کلچر کی ترجمان ہو سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

اعجاز خان درانی نے کہا کہ ہری پور کے عوام کی بدقسمتی ہے کہ نااہل لوگ ہمارے صوبہ کو چلا رہے ہیں لیکن آج بھی ہمارا ضلع پسماندگیوں کا شکار ہے، منتخب عوامی نمائندے عوامی مسائل حل کرنے کی بجائے ذاتی سیاست چمکانے میں مصروف ہیں، انشاء الله پاکستان پیپلزپارٹی کے پلیٹ فارم سے اپنے ضلع کے عوام کی بھرپور خدمت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تین ماہ کی وزارت کوئی وازرت نہیں ہوتی لیکن اگر انسان کے اندر کام کرنے کی لگن ہو اور نیت صاف ہو تو کوئی رکاوٹ اس کا راستہ نہیں روک سکتی، ہری پور یونیورسٹی، آئی سی یو وارڈ کا قیام اس کے واضح ثبوت ہیں، تمام تر رکاوٹوں کے باوجود یہ ناقابل یقین کام کئے کیونکہ وہ اپنے پیارے عوام کو مسائل میں تڑپتا نہیں دیکھ سکتے۔