بٹگرام میں سفید چڑی کے عالمی دن کے موقع پر بصارت سے محروم افراد کی احتجاجی ریلی

منگل 17 اکتوبر 2017 21:14

بٹگرام۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2017ء) سفید چڑی کا عالمی دن منانے کے سلسلہ میں بصارت سے محروم افراد نے بٹگرام میں ریلی نکالی۔ نابینا افراد نے اپنے ہاتھوں میں سفید چڑی اٹھائے سنیٹینیل ماڈل سے لیکر پریس کلب تک مارچ کیا۔ اہلسنت والجماعت کے صوبائی صدر نے نابینا افراد کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلی میں خصوصی طور پر شرکت کی۔

معذور افراد کیلئے مختص دو فیصد کوٹہ کے تحت نابینا افراد کو سرکاری ملازمتوں میں شامل کرنے کے حق میں نعرے بلند کئے گئے۔ بعد ازاں بٹگرام پریس کلب میں منعقدہ تقریب میں ضلع بھر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے بصارت سے محروم افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ بلائنڈ ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر حبیب الرحمن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نابینا افراد کو معاشرہ میں کوئی اہمیت نہیں دی جاتی، یہاں تک کے سرکاری ملازمتوں میں بھی معذور افراد کے دو فیصد کوٹہ میں بھی ہمیں شامل نہیں کیا جاتا جو انتہائی افسوسناک امر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے مطالبات پر مبنی سپاسنامہ پیش کیا۔ اس موقع پر تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر سید محمد فرخ الثقلین کا کہنا تھا کہ آنکھوں سے محروم افراد ہمارے معاشرہ کا اہم جز ہے، کسی کے ساتھ بھی حادثہ رونما ہو سکتا ہے، بصارت سے محروم افراد کو حقارت کی نگاہ سے نہیں شفقت اور احترام کی نگاہ سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نابینا افراد کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی اور ان کے جائز مطالبات کو حل کرانے کیلئے ہر ممکن کوشش کرے گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اہلسنت والجماعت کے صوبائی صدر مولانا عطاء محمد دیشانی نے کہا کہ وہ نابینا افراد کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بصارت سے محروم افراد کیلئے ماہوار وظیفہ مقرر کیا جائے۔ ڈی او سوشل ویلفیئر صابر حسین شاہ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور نابینا افراد کے ساتھ اظہار یکجہتی کی۔