پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے 16رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا

منگل 17 اکتوبر 2017 21:14

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے 16رکنی قومی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2017ء) قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کی سربراہی میں پی سی بی سلیکشن کمیٹی نے آئی لینڈرز کے خلاف مختصر فارمیٹ کے تین میچوں کی سیریز کیلئے 16رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس میں کپتان سرفراز احمد، فخر زمان، احمد شہزاد، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، عماد وسیم، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، حسن علی، عامر یامین، رومان رئیس، عثمان شنواری اور عمر امین شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پیسر محمد عامر کی شمولیت کو فٹنس کلیئرنس سے مشروط کیا گیا ہے۔ ورلڈ الیون کے خلاف ہوم سیریز میں اسکواڈ کا حصہ بننے والے سہیل خان اپنی جگہ برقرار نہیں رکھ پائے جبکہ آرام کرنے والے محمد حفیظ کی واپسی ہوئی ہے۔واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین ٹی ٹونٹی سیریز کا آغاز 26 اکتوبر کو ہو گاپہلے دو میچز 26 اور 27اکتوبر کو ابوظہبی میں کھیلے جائیں گے جبکہ تیسرا اور آخری میچ 29 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔