سانحہ کارساز کراچی کے شہداء کو سلام پیش کرنے کیلئے بلاول بھٹو زرداری (کل) حیدرآباد آرہے ہیں ، نثار احمد کھوڑو

بلاول بھٹو زرداری تاریخی جلسے سے خطاب کریں گے، جلسہ تاریخی ،مخالفین کی نیندیں اڑا دے گا، میڈیا سے گفتگو

منگل 17 اکتوبر 2017 21:12

سانحہ کارساز کراچی کے شہداء کو سلام پیش کرنے کیلئے بلاول بھٹو زرداری ..
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2017ء) سینئر صوبائی وزیرخوراک وپیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ سانحہ کارساز کراچی کے شہداء کو سلام پیش کرنے کے لیے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آج بدھ کو حیدرآباد آرہے ہیں جہاں وہ تاریخی جلسے سے خطاب کریں گے، جلسہ تاریخی ہو گا اور مخالفین کی نیندیں اڑا دے گا۔

وہ پیپلزپارٹی کے بدھ کے روز ہٹڑی بائی پاس پر ہونے والے جلسہ عام کے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے، اس موقع پر صوبائی وزیرامداد پتافی ،پی پی سندھ کے اطلاعات سیکریٹری عاجز دھامراہ ، پی پی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی ، پی پی حیدرآباد ڈویژن کے صدر علی نواز شاہ رضوی ،راشد ربانی،صدرپی پی ضلع حیدرآباد صغیر قریشی اور دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نثار کھوڑو نے بتایا کہ10سال قبل محترمہ بینظیر بھٹو حیدرآباد آئی تھیں اور کل ان کا بیٹا آپ سے ملنے آرہا ہے، انہوں نے کہا کہ عوام بلاول بھٹو میں بینظیر بھٹو کو دیکھتے ہیں ، بلاول بھٹو میں بھی عوام کے لیے وہی جذبہ ہے جو بینظیر بھٹو ، اورذوالفقار علی بھٹو میں تھا،جلسے کی سیکیورٹی سے متعلق سوال پر انہوں نے بتایا کہ ہم سیکیورٹی کے لیے پارٹی کے جانثار وں پر انحصار کرتے ہیں 18 اکتوبر سانحہ کارساز میں ہم دیکھ چکے ہیں کہ کس طرح شہیدوں نے اپنی جانوں کی قربانیاں دے کر اپنی قائد شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو محفوظ رکھا، جلسے گاہ سے متعلق میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے نثار کھوڑو نے بتایا کہ جلسے گاہ کے لیے بنایا جانے والا اسٹیج 160 فٹ لمبا اور 20 فٹ چوڑاہے، جلسہ گاہ میں 5 لاکھ اسکوائر فٹ پر کرسیا ں لگائی جائیں گی جبکہ 40 ہزار سے زائد کرسیاں جلسے گاہ میں موجود ہوں گی، پیپلزپارٹی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات عاجز دھامراہ نے کہا کہ بدھ کا جلسہ تاریخی ہوگا اور مخالفین کی نیندیں اڑادے گا، عمران خان بھی دیکھ لیں کہ عوامی جلسہ کیا ہوتا ہے مخالفین کے لیے کل عوام کا ٹھاٹے مارتا سمند رانکی منفی سیاست کا منہ توڑ جواب ہوگا۔