لاڑکانہ کے عوام کو بنیادی سہولیات ان کے دروزاے تک ہر صورت میں پہنچائیں گے، رکن قومی اسمبلی فریال تالپور

منگل 17 اکتوبر 2017 21:12

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2017ء) پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما اور ایم این اے فریال تالپور نے صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور، پیپلز پارٹی ضلع لاڑکانہ کے صدر عبدالفتاح بھٹو اور دیگر کے ہمراہ ضلعی جنرل سیکریٹری خیر محمد شیخ کی رہائشگاہ پر پہنچ کر ان کی بھتیجی کے انتقال پر تعزیت کی۔ اس موقع پر ایم این اے فریال تالپور نے کہا کہ لاڑکانہ کے عوام کو بنیادی سہولیات ان کے دروزاے تک ہر صورت میں پہنچائیں گے تاکہ انہیں کسی بھی قسم کے تکالیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک کی بہت بڑی سیاسی پارٹی ہے جس میں ہر طبقے کے لوگ شامل ہیں اور ہم ان کے ساتھ مل کر دن رات عوام کی خدمت کررہے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے ضلعی انتظامیہ کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ شہر کے اندر صفائی ستھرائی اور لائیٹنگ کو مزید بہتر بنائیں تاکہ شہریوں کو کسی بھی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ بعد زاں ایم این اے فریال تالپور نے شہر کے مختلف علاقوں کا بھی دورہ کرتے ہوئے میئر محمد اسلم شیخ اور دیگر افسران سے شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کے متعلق بریفنگ بھی لی۔ اس موقع پر کمشنر لاڑکانہ محمد عباس بلوچ، ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ کاشف ٹیپو، ایس ایس پی لاڑکانہ ساجد امیر سدوزئی اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔