پاکستان پیپلز پارٹی کے تحت سانحہ کارساز کے شہداکی دسویں برسی (کل)منائی جائیگی

سانحہ کارساز کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے تحت حیدر رآباد میں عوامی جلسہ منعقد ہوگا ،چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے

منگل 17 اکتوبر 2017 21:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے تحت سانحہ کارساز کے شہداکی دسویں برسی کل (بدھ)منائی جائے گی۔ سانحہ کارساز کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے تحت حیدر رآباد میں عوامی جلسہ منعقد ہوگا جس سے چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے ۔سانحہ کارساز کی دسویں برسی کی مناسبت سے منگل کو کراچی میں جائے حادثہ (کارساز) کے مقام پر دعائیہ تقریب منعقد کی گئی جس میں پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماو سابق وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ ، کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری سعید غنی، سیکرٹری اطلاعات شہلا رضا،شعبہ خواتین کراچی صدر ایم این اے شاہدہ رحمانی،جنرل سیکرٹری شاہینہ شیر علی، سیکرٹری اطلاعات شاہینہ سعیدہ سمیت پارٹی رہنماں ،کارکنان اور سانحے کے شہداکے اہلخانہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

شہداکی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں ،جبکہ شہداکے ایصال ثواب کے لیے قران خوانی آج کارساز پر ہوگی۔تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میڈیا سے گفتگو میں سید قائم علی شاہ، سعید غنی اور شہلا رضا نے کہا کہ اٹھارہ اکتوبر 2007کو بے نظیر بھٹو تمام تر خطرات کے باوجود پاکستان آئیں ،عوام کے جم غفیرنے ان کا استقبال کیا اور اس دن ایک بڑا سانحہ رونما ہوا جس میں سیکنڑوں افراد شہیدو زخمی ہوئے ، ان شہدانے ملک میں جمہوریت کی بحالی کے لیے قربانی دی جسے ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔

ان رہنماں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قربانی کی وجہ سے ملک میں جمہوریت قائم ہے اور جمہوریت کے خلاف ہر ساز ش کو عوام کے تعاون سے ناکام بنائیں گے ۔ آج بدھ کو پیپلز پارٹی حیدر آباد میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی اور آئندہ الیکشن میں پیپلز پارٹی کراچی سمیت ملک بھر سے بھر پور کامیابی حاصل کرے گی ۔