وزیراعلیٰ پنجاب کی کرم ایجنسی میں شہید ہونے والے کیپٹن حسنین نواز کی رہائش گاہ ننکانہ صاحب آمد

اہل خانہ سے ملاقات،وطن عزیز پر اپنی قیمتی جان نچھاور کرنے والے شہید کیپٹن حسین نواز کی بہادری کو خرج عقیدت وزیراعلیٰ کا پوسٹ گریجوایٹ کالج اور ریلوے روڈ ننکانہ صاحب کی سڑک کو کیپٹن حسنین شہید کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیپٹن حسنین نواز شہید کے نام سے ننکانہ صاحب میں پارک بھی بنایا جائے گا شہید کے ایک بھائی کو سرکاری ملازمت دینے کا اعلان،دوسرے بھائی کے تعلیمی اخرجات حکومت پنجاب برداشت کریگی،شہبازشریف شہید کیپٹن حسنین نواز پوری قوم کا ہیرو ہے ، قوم کو پاکستان کی خاطر قربانیاں دینے والے حسنین نواز جیسے سپوتوں پر فخر ہے شہید نے وطن پر جان نچھاور کی، ہم انہیںسلام پیش کرتے ہیں، شہداء ہمارے سروں کے تاج ،انکی عظیم قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائینگی

منگل 17 اکتوبر 2017 20:49

وزیراعلیٰ پنجاب کی کرم ایجنسی میں شہید ہونے والے کیپٹن حسنین نواز کی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 اکتوبر2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف منگل کوکرم ایجنسی میں شہید ہونے والے کیپٹن حسنین نواز کی رہائش گاہ ننکانہ صاحب گئے۔ وزیراعلیٰ نے شہید کیپٹن حسنین نواز کے والدین اوردیگر اہل خانہ سے ملاقات کی اوروطن عزیز پر اپنی قیمتی جان نچھاور کرنے والے شہید کیپٹن حسنین نواز کی بہادری کو خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیراعلیٰ نے شہید کیپٹن کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ وزیراعلیٰ نے شہیدکیپٹن حسنین نواز کی عظیم قربانی کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عظیم مقصد کیلئے قربانی دی ہے۔آپ کا بیٹا عظیم پاکستانی ہے ا ور آپ کے بیٹے نے اپنا آج اس ملک کے کل پر قربان کیا ہے اور اس لازوال قربانی پر ہم سب کو فخر ہے اور آپ عظیم والدین ہیں،آپ کے بیٹے نے شہادت کا بلند رتبہ پایا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہید کیپٹن حسنین نواز پوری قوم کا ہیرو ہے اور قوم کو پاکستان کی خاطر قربانیاں دینے والے شہید کیپٹن حسنین نواز جیسے سپوتوں پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک دھرتی کی مٹی شہید کیپٹن حسنین نواز جیسے بہادر آفیسر کی عظیم قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔شہید کیپٹن نے وطن پر جان نچھاور کی اور ہم شہید کیپٹن حسنین نواز کو سلام پیش کرتے ہیں ،شہید زندہ ہوتے ہیں اورکیپٹن حسنین نواز شہید بھی زندہ ہیں اورہمیشہ قوم کے دلوں میں زندہ رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہداء ہمارے سروں کے تاج ہیں اور ان کی عظیم قربانیاں تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں رنگ لائیں گی اور پاکستان امن کا گہوارہ بنے گا۔وزیراعلیٰ نے پوسٹ گریجوایٹ کالج ننکانہ صاحب کو کیپٹن حسنین نواز شہید کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیااورکہا کہ کیپٹن حسنین نواز شہید کے نام سے ننکانہ صاحب میں پارک بھی بنایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے ریلوے روڈ ننکانہ صاحب کی سڑک کو بھی کیپٹن حسنین نواز شہید کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا۔وزیراعلیٰ نے کیپٹن حسنین شہید کے ایک بھائی کو ملازمت دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شہید کے دوسرے بھائی کی تعلیم کے تمام اخراجات حکومت پنجاب برداشت کرے گی اورجب تک یہ بیٹا تعلیم حاصل کرنا چاہے گا حکومت اس کے اخراجات برداشت کرے گی۔وزیراعلیٰ نے شہید کی بیوہ کو دلاسہ دیا اور شہید کے معصوم بچے سے شفقت اورپیار کا اظہار کیا۔