عوام کی ترقی وخوشحالی کے سفر میں رخنہ ڈالنے والے سیاسی طور پر تنہا ہو چکے ہیں، شہباز شریف

عوام ہرموقع پر یوٹرن لینے کے عالمی ریکارڈ بنانے والوں کو پہچان چکے ہیں ، جھوٹ اوربے بنیاد الزامات کی سیاست پہلے کامیاب ہوئی نہ آئندہ ہوگی،ہر محاذ پر شکست کے بعد دھرنا اورلاک ڈاؤن کے شوقین گروپ کو اپنے منفی رویوں کو بدل لینا چاہیے،وزیر اعلی پنجاب کی اراکین اسمبلی سے گفتگو

منگل 17 اکتوبر 2017 20:46

عوام کی ترقی وخوشحالی کے سفر میں رخنہ ڈالنے والے سیاسی طور پر تنہا ہو ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 اکتوبر2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ جھوٹ اوربے بنیاد الزامات کی سیاست پہلے کامیاب ہوئی نہ آئندہ ہوگی ۔21کروڑعوام ہرموقع پر یوٹرن لینے کے عالمی ریکارڈ بنانے والوں کو پہچان چکے ہیں۔ دھرنوں کے ذریعے ملک و قوم کے قیمتی وقت کو بلاجواز ضائع کیا گیا۔اگردھرنا گروپ ہوش کے ناخن لیتا تو بجلی کے کئی منصوبے آج مکمل ہوچکے ہوتے۔

انہوںنے کہاکہ جو لوگ عوام کی ترقی وخوشحالی کے سفر میں رخنہ ڈالنا چاہتے تھے وہ سیاسی طور پر تنہا ہو چکے ہیں۔ عوام جان چکے ہیں کہ کون ان کی خدمت کررہا ہے اور کون ان کی ترقی کا مخالف ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہر محاذ پر شکست کے بعد دھرنا اورلاک ڈاؤن کے شوقین گروپ کو اپنے منفی رویوں کو بدل لینا چاہیے کیونکہ تبدیلی صرف نعروں یا تقریروں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے آتی ہے اور پاکستان کے عوام کوکھوکھلے نعروں سے نہیں دھوکہ دیاجاسکتا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے عوام کی بے لوث خدمت کی ہے اور آئندہ عام انتخابات میں بھی مسلم لیگ(ن) کی خدمت ،دیانت، امانت اورشفافیت کی سیاست کامیاب ہوگی۔انہوںنے کہاکہ منتخب نمائندے عوام کے مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں ۔ وزیراعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،جنہوں نے منگل کے روز شہباز شریف سے وزیر اعلی ہائو س میں ملاقات کی۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنیوالوں میں اراکین قومی اسمبلی چوہدری خادم حسین،ملک شاکر بشیر اعوان،صاحبزادہ فیض الحسن اور دیگر شامل تھے۔