عوام کے مسائل کا حل منتخب عوامی نمائندوں کی اولین ترجیح ہونی چاہیے،سائرہ افضل تارڑ

مسلم لیگ ن کی حکومت نے ہمیشہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں اور ملک و قوم کی تعمیر و ترقی کے مشن کو پایا تکمیل تک پہنچایا ، آئندہ انتخابات میں کامیاب ہو کر عوام کی ترقی کے سفر کو جاری رکھیں گے، وفاقی وزیر صحت کا اجلاس سے خطاب

منگل 17 اکتوبر 2017 20:44

عوام کے مسائل کا حل منتخب عوامی نمائندوں کی اولین ترجیح ہونی چاہیے،سائرہ ..
حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 اکتوبر2017ء) وفاقی وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ عوام کو بہتر میونسپل سروسز کی فراہمی اور انکے مسائل کا حل منتخب عوامی نمائندوں کی اولین ترجیح ہونا چاہیے۔مسلم لیگ ن کی حکومت نے ہمیشہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں اور ملک و قوم کی تعمیر و ترقی کے مشن کو پایا تکمیل تک پہنچایا لیکن عوام ہمارے مخالفین کے کسی چکر میں نہیں آئینگے اور انشاء اللہ 2018کے انتخابات میں بھی مسلم لیگ ہی بر سر اقتدار آکر عوام کی خدمت کے اس سفر کو جاری رکھے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کمیٹی حافظ آباد کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔چیئر مین حاجی جمشید عباس تھیہم،وائس چیئر مین خالد محمود بٹ،وائس چیئر مین ضلع کونسل رائے قمر الزمان کھرل،چیئر مین یو نین کونسل چودھری محمد بخش تارڑ سمیت اراکین میونسپل کمیٹی نے اجلاس میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ تعلیم ،صحت،پولیس اور میونسپل سر وسز کے محکموں کی بہتری اور عوام کو دستیاب سہولیات سے یہ ثابت ہوا ہے کہ وفاقی او ر حکومت پنجاب عوام کے مسائل کو تر جیحی بنیادوں پر حل کر رہی ہے اور یہ وجہ ہے کہ عوام کا مسلم لیگ ن پر اعتماد دن بدن بڑھ رہا ہے۔

2018کے انتخابات میں بھی مسلم لیگ ن واضح کامیابی سے حکومت بنائے گی اور مخالفین کو منہ کی کھانا پڑے گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی خصوصی دلچسپی سے ایم سی حافظ آباد کو پنجاب کی ماڈل میونسپل کمیٹی کا درجہ دیا گیا ہے اور اب ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلم لیگ ن کے منتخب کو نسلرز عوامی خدمت کو اپناشعاربنائیں۔اس موقع پر انہوں نے مسلم لیگ نے کے کونسلرز کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ باقاعدگی سے ضلعی سیکریٹریٹ میں موجود رہ کر عوامی مسائل سنیں۔

اس موقع پر انہوں نے شہر بھر میں صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے، تجاوزات کے خاتمہ اور پبلک پارک میں شہریوں کی سہولیات کیلئے فوری اقدامات کی بھی ہدایت کی۔اس مو قع میونسپل کمیٹی کے اراکین پر مشتمل تر قیاتی کمیٹی، انسپیکشن کمیٹی، آکشن اینڈ اکائونٹس کمیٹی اور ڈسپلنری کمیٹی بھی بنائی گئی۔ اجلاس میں چیئر مین حاجی جمشید عباس تھہیم اور وائس چیئر مین خالد محمود بٹ نے بتا یا کہ شہر بھر میں میونسپل کمیٹی کی جانب سے تر قیاتی منصوبے میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر مکمل کئے جا رہے ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے عوام سے شہر بھر میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے سینیٹری ورکرز سے تعاون کی اپیل کی اور کہا کہ تمام کو نسلرز اپنے اپنے حلقوں میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے میں عملی کردار ادا کریں۔